سعودی عرب میں ایک لاکھ67 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوگئے

ایکٹو مریضوں کی تعداد 62 ہزار رہ گئی، یومیہ کورونا کیسز میں بھی تیزی سے کمی آنے لگی، گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 ہزار779 مریض رپورٹ ہوئے، اسی طرح 42 مریض انتقال کرگئے۔ سعودی وزارت صحت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 جولائی 2020 19:28

سعودی عرب میں ایک لاکھ67 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوگئے
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں ایک لاکھ67 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوگئے ہیں، ایکٹو مریضوں کی تعداد 62 ہزار رہ گئی، مملکت میں یومیہ کورونا کیسز میں بھی تیزی سے کمی آنے لگی، گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 ہزار779 مریض رپورٹ ہوئے، اسی طرح 42 مریض انتقال کرگئے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں علاج معالجے کی بہترین سہولتوں، ٹیسٹنگ اور احتیاطی تدابیر کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاوٴ اور یومیہ کورونا کیسز میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار779 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے باعث مجموعی مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار 259 ہوگئی ہے۔ نئے کیسز میں سب سے زیادہ 247 کیسز دارلحکومت ریاض میں رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اس طرح باقی شہروں جدہ 191، حفیف 162، اور دمام میں 157 کیسز کی تعداد رپورٹ ہوئی۔ اموات کی تعداد دیکھی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں 42 مریض انتقال کرگئے۔

جس کے ساتھ اموات کی کل تعداد 2223 ہوگئی ہے۔ اسی طرح مزید 1742 مریض مکمل صحت یاب ہوئے ہیں۔ جس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 138 ہوچکی ہے۔ جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 62ہزار 898 رہ گئی ہے۔ مملکت میں ابھی بھی 2 ہزار 245 مریض تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 28 لاکھ 47 ہزار 288 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 67 ہزار 734 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 47 لاکھ 96 ہزار 308 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 794 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 74 لاکھ 83 ہزار 246 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 37 ہزار 403 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 33 لاکھ 55 ہزار 646 ہو چکی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں