پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں معمول کی سرگرمیاں شروع کرنے کا حکم دیدیا

صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد میں حیرت انگیز کمی واقع ہورہی ہے: ڈاکٹر یاسمین راشد

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 3 اگست 2020 20:59

پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں معمول کی سرگرمیاں شروع کرنے کا حکم دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اگست 2020ء ) پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں معمول کی سرگرمیاں شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی کے علاوہ تمام سرکاری اسپتال معمول کے مطابق کھلیں گے جبکہ لاہور میں میو، یکی گیٹ، ایکسپو سینٹراسپتال اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ( پی کے ایل آئی) میں کورونامریضوں کاعلاج جاری رہے گا اورکورونا کے نئے مریضوں کولاہورکے انہی 4 اسپتالوں میں بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ رپنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسز 8486 رہ گئے ہیں -گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران24 مریض کورونا سے متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں اب تک 739253 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران4 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے۔پنجاب میں اب تک 2148 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے۔ دوسری جانب کورونا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، تعلیمی ادارے شادی ہالز، پارکس، سینماء ہالزبدستور بند رہیں گے، میڈیکل اسٹورز، پنکچرزشاپس، تندور ، بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلانے کی اجازت ہوگی، نوٹیفکیشن17اگست تک نافذالعمل رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں