مسجد وزیر خان میں مبینہ طور گانے کی ریکارڈنگ کے معاملے پر ایک اور شہری نے اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی

ہمارے دل میں بھی اپنے مذہب اسلام کیلئے اتنی ہی محبت اور احترام ہے جتنا آپ سب کے دل میں ہے ‘صبا قمر

اتوار 9 اگست 2020 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر گانے کی ریکارڈنگ کے معاملے پر ایک اور شہری نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دیدی جبکہ اداکارہ صباقمر نے بھی اپنا وضاحتی بیان دیدیا۔پولیس کے مطابق اندرون لاہور کے رہائشی رانا عاکف نے درخواست تھانہ اکبری گیٹ میں جمع کرائی ہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم کی عکس بندی کے دوران صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد میں رقص کر کے اس کے تقدس کوپامال کیا،مذہبی جذبات مجروح کرنے پردونوں کیخلاف مقدمہ درج کیاجائے۔

دوسری جانب اداکارہ صبا قمر نے انسٹاگرام پر گانے کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے ایک طویل تحریر پوسٹ کی جس میں صبا قمر کا کہناتھا کہ شوٹنگ کے دوران مسجد کی انتظامیہ بھی موجود تھی اور وہ گواہ ہیں کہ وہاں کسی قسم کی کوئی موسیقی نہیں چلائی گئی،یہ وہ واحد حصہ ہے جو تاریخی وزیر خان مسجد میں فلمایا گیا تھا، یہ میوزک ویڈیو کا تعارفی حصہ ہے جس میں نکاح کا منظر پیش کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسے نہ تو کسی طرح کے پلے بیک میوزک کے ساتھ فلمایا گیا تھا اور نہ ہی یہ میوزک ٹریک کا حصہ ہے۔ گانے کی پوری ویڈیو 11 اگست کو سامنے آرہی ہے۔ اداکارہ کا کہناتھا کہ آپ لوگ کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے براہ کرم ویڈیو دیکھیں اور سمجھیں کہ ہم سب ایک ہی صفحے پر ہیں،ہم سب مسلمان ہیں،ہمارے دل میں بھی اپنے مذہب اسلام کیلئے اتنی ہی محبت اور احترام ہے جتنا آپ سب کے دل میں ہے اور کبھی بھی اس کی توہین کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔

بی ٹی ایس کی ویڈیو جو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ہے وہ قبول کے پوسٹر کے لیے محض ایک کلک تھا جس میں شادی شدہ جوڑے کو ان کے نکاح کے بعدخوشی سے دکھایا گیا تھا۔اس کے باوجود اگر ہم نے انجانے میں اگر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے تو ہم تہہ دل سے آپ سب سے معذرت خواہ ہیں۔ محبت اور امن! ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں