عثمان بزدار پیشی کے لیے قومی احتساب بیورو کے دفتر پہنچ گئے

وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری راحیل صدیقی بھی نیب میں پیش

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 12 اگست 2020 11:47

عثمان بزدار پیشی کے لیے قومی احتساب بیورو کے دفتر پہنچ گئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اگست ۔2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار قومی احتساب بیورو(نیب) کے دفتر پہنچ گئے ہیں ان کو اختیارات سے تجاوز کی شکایات پر طلب کیا گیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری راحیل صدیقی بھی نیب میں پیش ہوئے ہیں. وزیراعلیٰ پنجاب کو متعلقہ دستاویزات سمیت بیان ریکارڈ کرنے کے لیے کہا گیا تھا نیب کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے شراب کا لائسنس جاری کیا نیب لاہور بیورو کو نجی ہوٹل کو خلاف قانون اور خلاف ضابطہ شراب کا لائسنس جاری کر کی خلاف درخواست موصول ہوئی.

(جاری ہے)

نیب دستاویزات کے مطابق شراب کے خلاف قانون لائسنس کے حصول کیلئے مبینہ طور پر 5 کروڑ کی رشوت دینے کا الزام ہے نجی ہوٹل نے شراب کی فروخت کیلئے ایل-2 کیٹگری لائسنس کے حصول کیلئے محکمہ ایکسائز میں درخواست دی تھی. نجی ہوٹل کی جانب سے پنجاب ٹورسٹ ڈیپارٹمنٹ سے پاکستان ہوٹل ایکٹ 1976 کے تحت 4-5 سٹار ریٹنگ کا لائسنس نہیں لیا گیا تھا ذرائع کے مطابق 4 اور 5 سٹارز ہوٹلز کے لائسنس سے متعلق 2009 میں سی ایم آفس سے پالیسی جاری کی جا چکی تھی جسکی خلاف ورزی کی گئی.

سی ایم پالیسی کے تحت جس ہوٹل کے پاس 4 یا 5 اسٹار کی کیٹگری ہوگی صرف انکو لائسنس جاری کیا جا سکے گا سی ایم پالیسی 2009 کے تحت جن ہوٹلز کے پاس یہ کیٹگری نہیں ہو گی وہ لائسنس کے حصول کے اہل نہیں ہوں گے. ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے سی ایم پالیسی 2009 کیخلاف ورزی کرتے ہوئے نجی ہوٹل کو لائسنس جاری کیا گیا محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے 2019 میں خلاف قانون نجی ہوٹل کو لائسنس جاری کیا گیا نجی ہوٹل کے پاس اس وقت پنجاب ڈیپارٹمنٹ ٹورسٹ کا لائسنس بھی موجود نہیں تھا.

ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے سی ایم آفس کو 3 بار مذکورہ کیس ریفر کرتے ہوئے معاملہ کی نزاقت سے آگاہ بھی کیا تاہم سی ایم آفس محکمہ ایکسائز کو نجی ہوٹل کا لائسنس روکنے میں ناکام رہا. وزیراعلیٰ پنجاب پروٹوکول کے بغیر اکیلے نیب میں پیش ہوئے اور ان کے ساتھ کوئی وزیر یا مشیریا رکن اسمبلی نہیں تھا. وزیراعلیٰ پنجاب کی پیشی سے قبل نیب آفس کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور غیر اہم افراد کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی.

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ نیب اگر دس بار بھی بلائے تو جاﺅں گا اور ہر چیزدکھاﺅں گا انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پرشروع دن سے ہی تنقید کی جارہی ہیں ہمارے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوا نیب میں بھی پیش ہوں گا.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں