آئینی اداروں پر حملے ن لیگ کی روایت ہے،وزیرصنعت و تجارت پنجاب

بدھ 12 اگست 2020 13:48

آئینی اداروں پر حملے ن لیگ کی روایت ہے،وزیرصنعت و تجارت پنجاب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ آئینی اداروں پر حملے ن لیگ کی پرانی روایت ہے، لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائداد نہ ہونے کی دعویدار مریم نواز کی جائیدادیں اب کہاں سے نکل رہی ہیں، رائیونڈ کی ہزاروں ایکڑ جائداد کے بارے پوچھا گیا تو محترمہ لشکر لے کر نیب پر چڑھ دوڑیں، یہ عناصر یادرکھیں عوام کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے کیمپ آفس میں کھلی کچہری کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے 2 گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنے اور بعض مسائل کے حل کیلئے موقعے پر احکامات جاری کیے، لوگوں کے زیادہ تر مسائل واسا، پولیس ،تعلیم ،صحت ،بجلی ،سوئی گیس اور دیگر سماجی اداروں سے متعلق تھے۔

(جاری ہے)

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے اور موجودہ حکومت نے عوام کی فلاح کے لیے بے مثال پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے نظام کی خرابیاں واضح ہوتی ہیں اور لوگوں کے مسائل براہ راست حل کرنے کا موقع ملتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لوگوں کی خدمت اور ان کی تکالیف کے ازالے سے دلی سکون اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے، ہماراہر لمحہ عوام کی خدمت کے لیے وقف ہے، نیک نیتی سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور خدمت خلق کا سفر اب رکے گا نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں