پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم ‘چیئرمین نیب اور آئی جی پنجاب کے استعفی کے لیے قرارداد

پولیس نے وزیراعظم عمران خان اور چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ایماءپر مریم نواز کی گاڑی پر حملہ کیا.نون لیگ کی جانب سے جمع کروائی جانے والی قراردادکا متن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 12 اگست 2020 14:58

پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم ‘چیئرمین نیب اور آئی جی پنجاب کے استعفی کے لیے قرارداد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اگست ۔2020ء) پنجاب اسمبلی میں وزیرِ اعظم عمران خان، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے استعفے کے مطالبے کی قرار داد جمع کرا دی گئی. پنجاب اسمبلی میں یہ قرار داد مسلم لیگ نون کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے وزیراعظم عمران خان اور چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ایماءپر گزشتہ روز مریم نواز کی گاڑی پر حملہ کیا.

(جاری ہے)

مسلم لیگ نون کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے سازش کے تحت سیاسی کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں گرفتار کیا‘قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کے لاٹھی چارج سے متعددمسلم لیگ نون کے رہنما اور کارکن زخمی ہوئے. پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایوان سیاسی کارکنوں کے خلاف آمرانہ ہتھکنڈے استعمال کرنے کی مذمت کرتا ہے.

ادھر لاہور کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے وزیراعظم اعظم عمران خان اور دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے. صوبائی دارالحکومت کی سیشن عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج اعجاز گوندل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی دائر درخواست پر سماعت کی واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی یہ درخواست فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے دائر کی اور اس میں مریم نواز کی نیب میں پیشی پر حملہ کرنے کے الزام میں وزیراعظم عمران خان، مشیر داخلہ شہزاد اکبر سمیت دیگر کے خلاف مقدمے کے اندراج کی استدعا کی گئی.

درخواست میں سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ او چونگ کو فریق بنایا گیا ہے، ساتھ ہی یہ موقف اپنایا گیا ہے کہ مریم نواز کی نیب لاہور میں پیشی کے موقع پر سرکاری مشینری نے طاقت کا بےدریغ استعمال کیا مذکورہ درخواست کے مطابق عمران خان، شہزاد اکبر اور ڈی جی نیب لاہور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا. درخواست کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ مریم نواز کی پیشی کے دوران امن و عامہ کو قابو میں رکھنا حکومت کی ذمہ داری تھی لیکن حکومت اور نیب نے نہتے اور پرامن کارکنان پر حملہ کیا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ مریم نواز کی پیشی کے دوران حملہ کرنے والوں اور اس کے احکامات جاری کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے بعد ازاں عدالت نے مذکورہ درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 اگست تک جواب طلب کرلیا.


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں