ائیر چیف نے حال ہی میں پاک فضائیہ میں شامل ہونے والے JF-17B(ڈوئل سیٹ) طیارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جمعرات 13 اگست 2020 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آج ایک آپریشنل ائیر بیس کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے JF-17B (ڈوئل سیٹ) طیارے میں ایک آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔ ایف سولہ طیارہ اڑانے کا وسیع تجربہ رکھنے والے ایئر چیف نے ملک میں تیار کیے گئے اس ڈوئل سیٹ لڑاکا طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں زمینی اور فضائی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایئر چیف نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ میں JF-17 ڈوئل سیٹ اور بلاک تھری کی شمولیت پاک فضائیہ کی جدیدیت کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کا ہر فرد ہمارے بہادر سپوتوں کی وراثت کا امین ہے جس کا اظہار گزشتہ سال آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران کیا گیا۔

(جاری ہے)

ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائر اکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ بری اور بحری افواج کے شانہ بشانہ مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ کی بیس آمد پر ائیر آفیسر کمانڈنگ اور بیس کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں