محکمہ ماہی پروری پرائیویٹ سیکٹر کو مچھلی کی زیادہ منافع بخش اقسام کے حوالے سے ہر ممکن رہنمائی فراہم کرے‘ صوبائی وزیر جنگلات

جمعرات 2 جنوری 2014 15:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء) صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری ملک محمد آصف بھا اعوان نے محکمے کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مچھلی کی بہتر اقسام اور زیادہ پیداوار کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں اور پرائیویٹ سیکٹر کو مچھلی کی زیادہ منافع بخش اقسام کے حوالے سے ہر ممکن رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز یہاں محکمہ ماہی پروری کے اعلیٰ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں مچھلی کے گوشت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے محکمہ کو جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ نجی شعبہ کو زمین اور پانی کے ٹیسٹ کے حوالے سے اپنی قیمتی اور مفید مشاورت فراہم کریں۔

(جاری ہے)

ملک محمد آصف بھا اعوان نے افسران کو کہا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں واقع نجی سیکٹرکے فش فارمز کے مالکان کو چھلکے والی مچھلی کی بجائے بغیر چھلکے والی مچھلی کی فارمنگ کی طرف راغب کریں تاکہ وہ زیادہ منافع حاصل کرسکیں اور صوبہ میں مچھلی کے گوشت کی ضروریات بھی پوری کی جاسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مچھلی کی ایسی اقسام کی مصنوعی نسل کشی کی جائے جن پر ماضی میں توجہ نہیں دی جاسکی۔انہوں نے کہا کہ مچھلی کی ایسی اقسام جن کی نسل ناپید ہوتی جارہی ہے کو بھی محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ٹراؤٹ کی پیداوار میں اضافے کے لیے بھی کوششیں تیز تر کی جائیں تاکہ لوگوں کی مچھلی کے گوشت کی ضروریات کو پورا کیاجاسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں