احتساب عدالت شراب کے غیر قانونی لائسنس کے اجراء میں گرفتار سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے،ملزم نے نجی ہوٹل کو ایل ٹو کیٹیگری لائسنس کے اجراء میں کلیدی کردار ادا کیا،پنجاب ٹورسٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ سے رینٹنگ سرٹیفکیٹ بھی حاصل نہیں کیا گیا ،نیب حکام کا عدالت میں موقف

جمعہ 18 ستمبر 2020 15:11

احتساب عدالت شراب کے غیر قانونی لائسنس کے اجراء میں گرفتار سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے،ملزم نے نجی ہوٹل کو ایل ٹو کیٹیگری لائسنس کے اجراء میں کلیدی کردار ادا کیا،پنجاب ٹورسٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ سے رینٹنگ سرٹیفکیٹ بھی حاصل نہیں کیا گیا ،نیب حکام کا عدالت میں موقف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے نجی ہوٹل کو غیرقانونی طور پر شراب لائسنس اجراء سے متعلق انکوائری میں گرفتار سابق ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن اکرم اشرف گوندل کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، جمعہ کے روزسابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملزم اکرم اشرف گوندل کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ سابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملزم اکرم اشرف گوندل نے شراب لائسنس کے اجراء کیلئے دیگر ضروری اقدامات کو مد نظر نہیں رکھا ،ملزم نے بطور ڈی جی ایکسائز قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے لائسنس جاری کیا اور نجی ہوٹل کو ایل ٹو کیٹیگری لائسنس کے اجراء میں کلیدی کردار ادا کیا، نیب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر نجی ہوٹل کو فائدہ پہنچانے کیلئے اپنے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کے ذریعے دیگر مختلف اداروں سے غیر قانونی لائسنس کے اجراء کیلئے این او سی حاصل کیا، ملزم کی جانب سے اہلیت نہ ہونے کے باوجودنجی ہوٹل کیلئے شراب لائسنس کے اجراء کیلئے قانونی طریقہ کار میں انتہائی چالاکی کے ساتھ رد و بدل بھی کی گئی، تمام شواہد کے حصول کے بعد نیب لاہور کی جانب سے سابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اکرم اشرف گوندل کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے،نیب حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نجی ہوٹل کو شراب کے غیر قانونی لائسنس کے اجراء کے سلسلہ میں جب محکمہ ایکسائز کے افسران و اہلکاروں اور نجی ہوٹل کی انتظامیہ کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا تو معلوم ہوا کہ مذکورہ نجی ہوٹل شراب کے لائسنس کے حصول کیلئے درکار قانونی معیار کا حامل ہی نہیں جبکہ نجی ہوٹل نے پنجاب ٹورسٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ سے رینٹنگ سرٹیفکیٹ بھی حاصل نہ کیا، نیب تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کی غرض سے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے ملزم اکرم اشرف گوندل کو10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا،عدالت نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو دوبارہ 28 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں