موٹروے پولیس کا مشکوک کار کا پیچھا

موٹروے پولیس نے رحیم یار خان کے قریب شراب کی بھاری مقدار برآمد کرلی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 19 ستمبر 2020 14:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2020ء) موٹروے پولیس نے رحیم یار خان کے قریب شراب کی بھاری مقدار برآمد کرلی۔تر جمان موٹروے پولیس کے مطابق مو ٹروے پولیس کو قومی شاہراہ پر مشکوک کار کی اطلاع ملی۔کار ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار بڑھا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پٹرولنگ افسران نے تعاقب کرکے کار کو روک کر ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔گاڑی کی تلاشی لینے پر 1320 شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔

ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ شراب کی مالیت لاکھوں روپے میں بتائی جارہی ہے۔ شراب کو لاہور سے رحیم یار خان سمگل کیا جارہا تھا۔برآمد شراب،ملزم اور گاڑی کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہور سے سیالکوٹ جانے والی نجی کمپنی کی بس نے دو خواتین اور ان کے بچوں کو ٹرمینل کی بجائے موٹروے پر اتار دیا،اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر خواتین اوربچوں کو بحفاظت گھر تک پہنچایا ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بس کو تحویل میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق نجی کمپنی کی بس نے 2 خواتین اور ان کے بچوں کو موٹروے پر اتار دیا اور وہاں سے روانہ ہوگئی۔ ٹرمینل کی بجائے موٹروے پر اتارنے پر مسافرخواتین اور بچے خوفزدہ ہو گئے، پریشانی کے عالم میں پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر پولیس نے بروقت موقع پر پہنچ کر متاثرہ افراد کو ریسکیو کر کے ان کے گھر تک بحفاظت پہنچایا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بس تحویل میں لے لی۔

سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ آئندہ کوتاہی برتنے والی گاڑیوں کی کمپنی پر پابندی لگادی جائے گی۔واضح رہے کہ موٹر وے گجرپورہ لنک روڈ واقعے سے شہریوں میں خوف پایا جاتا ہے، واقعے کے بعد سے موٹر وے پر پنجاب پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے اور اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ نگرانی کا عمل میں سخت کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں