اختیارات کے ناجائز استعمال اور ناقص تفتیش پر لاہور پولیس کے 5 افسران گرفتار

گرفتار کیے گئے افسران میں ایک انسپکٹر اور 4 اے ایس آئی شامل ہیں ، مقدمات بھی درج کرلیے گئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 ستمبر 2020 16:17

اختیارات کے ناجائز استعمال اور ناقص تفتیش پر لاہور پولیس کے 5 افسران گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2020ء) اختیارات کے ناجائز استعمال ، مقدمات کے اندراج میں تاخیر اور ناقص تفتیش کرنے پر لاہور پولیس کے 5 افسران کو گرفتار کرلیا گیا ، اختیارات کا ناجائز استعمال اور شواہد مسخ کرنے پر افسران کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایس ایچ او گجر پورہ انسپکٹر رضاجعفری کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا گیا ، اے ایس آئی عمران احمد ، محمد عمران اور شہزاد بٹ کے خلاف شواہد مسخ کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا جبکہ اے ایس آئی ارشاد کو غیر ملکی خاتون سے رشوت طلب کرنے پر حوالات میں بند کیا گیا ہے ، اے ایس آئی ارشاد کو تھانہ باٹا پور میں مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کیا گیا ۔

 اس سلسلے میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی پولیس افسر یا اہلکار نے شہریوں کی داد ر سی میں تاخیر کی تو سخت کارروائی ہوگی ، افسران مقدمات کی تفتیش میں شواہد کو مد نظر رکھتے ہوئے میرٹ پرچالان لکھیں۔

(جاری ہے)

 یاد رہے کہ موٹروے زیادتی کیس کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئےریمارکس دیے تھے کہ بادی النظر میں پولیس کا نظام فیل ہو چکا ہے ، موٹروے یا کسی روڈ پرایسا واقعہ پیش آئے تو ذمہ دار حکومت ہوتی ہے، ایسے واقعات پر حکومت کو متاثرہ افراد کو معاوضہ دینا چاہیے۔

دوسری طرف موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کے لیے درد سر بن گیا ، جسے پولیس 11 روز بعد بھی پکڑنے میں ناکام رہی ، پولیس نے ملزم کے مختلف خاکے بھی جاری کر دیے تاہم پنجاب پولیس موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کو 10 فٹ کے فاصلے سے پکڑنے میں ناکام رہی ۔ موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد جمعرات کو سہ پہر 4 بجے پرانا ننکانہ میں اپنی سالی کشور بی بی سے ملنے گیا ، ملزم نے اپنی سالی سے رائے بلار بھٹی پارک میں ملاقات کی ، اس موقع پر پارک میں موجود کسی شخص نے پولیس کو بروقت اطلاع کی مگر پولیس 30 منٹ تاخیر سے پہنچی اور ایس ایچ او محض 3 اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچا ، ملزم عابد کو پولیس کی موجودگی کا پتا چل گیا ، اور وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگی۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں