دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ: دیا مر گلگت بلتستان کے لئے ہزاروں ملازمتوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا

گریڈ 6 سے 16 تک کی 124 اسامیاں مشتہر، اِن اسامیوں پر صرف ضلع دیا مر گلگت بلتستان کے لوگ بھر تی کئے جائیں گے گریڈ 14 سے 20 تک کی 179 اور سکیورٹی کی 317 اسامیا ں بھی مشتہر، اِن اسامیوں پر بھی پراجیکٹ ایریا اور گلگت بلتستان کے لوگوں کو ترجیح دی جائے گی

اتوار 20 ستمبر 2020 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) قومی اہمیت کے دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے اور ساتھ ہی واپڈا کی جانب سے پراجیکٹ پر دیا مر، گلگت بلتستان کے لوگوں کو ہزاروں ملازمتوں کی فراہمی کے عمل کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔دیا مر گلگت بلتستان کے لوگوں کو ملازمتوں کی فراہمی سے علاقہ میں غربت میں کمی واقع ہوگی اور لوگ خوشحال ہوں گے۔

مقامی لوگوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے سلسلے میں آج واپڈا نے بنیادی پے سکیل 6سے 16تک کی 124 اسامیوں کو مشتہر کر دیاہے، جن پر صرف دیا مر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے اہل افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔قبل ازیں واپڈا کی جانب سے بنیادی پے سکیل 14 سے 20تک کی 179 اسامیوں اور سکیورٹی کے لئے 317 اسامیوں کو بھی مشتہر کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

اِن اسامیوں پر بھی پراجیکٹ ایریا اور گلگت بلتستان کے اہل افراد کو ترجیح دی جائے گی،کیونکہ دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں مقامی لوگوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی کو ترجیحی درجہ حاصل ہے۔

مقامی لوگوں کو ترجیحی طور پر ملازمتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرین کی آباد کاری اور مقامی لوگوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت آب نوشی،آبپاشی، تعلیم اور صحت کے موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے 44ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں۔

کیڈٹ کالج چلاس بھی تکمیل کے قریب ہے جس سے مقامی طالب علموں کو اعلی درجے کی تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔علاوہ ازیں پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کی بجلی کی ضررویات پوری کرنے کے لئے تین میگاواٹ کا تھک ہائیڈ رو پاور پراجیکٹ بھی بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ دیا مر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے نہایت اہم منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ دریائے سند ھ پر تربیلا ڈیم سے تقریبا 315 کلومیٹر بالائی جانب جبکہ گلگت سے تقریبا180 کلو میٹر اور چلاس شہر سے 40کلو میٹر زیریں جانب تعمیر کیا جارہا ہے۔ دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1ملین ایکڑفٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 500میگاواٹ ہے اور یہ ملک کی اقتصادیات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔منصوبے کی بدولت پاکستان میں انسانی وسائل کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ پراجیکٹ کی تعمیر سے انجینئرز اور دیگر سٹاف کے لئے 16 ہزار500 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں