سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاﺅنٹ سے 9.5 ارب روپے برآمد

چپڑاسی نے ان پیسوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی قیمتی مرسڈیذ کار بھی خریدی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 ستمبر 2020 16:36

سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاﺅنٹ سے 9.5 ارب روپے برآمد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2020ء) سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے چھوٹے بیٹے سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاﺅنٹ میں بھی 9.5 ارب روپے کا انکشاف ہوا ہے. تفصیلات کے مطابق یہ ملازمین رمضان شوگر مل اور العریبیہ شوگر مل میں کام کرتے ہیں ایف آئی اے نے ان اکاﺅنٹس کی تفصیلات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کر دی ہیں ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سلمان شہباز کے چپڑاسی مقصود کے بینک اکاﺅنٹ میں 2.3 ارب روپے کا انکشاف ہوا.

(جاری ہے)

مقصود چپڑاسی نے ان پیسوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ایک قیمتی مرسڈیذ کار بھی خریدی جبکہ شبیر قریشی کلرک کے اکاﺅنٹ میں ایک ارب، رانا وسیم کے اکاﺅنٹ میں 24 کروڑ، اقرار کے اکاﺅنٹ میں 64 کروڑ، تنویر الحق کلرک کے اکاﺅنٹ میں 52 کروڑ، خضر حیات اکاﺅنٹ کلرک کے اکاﺅنٹ میں 1.2 ارب روپے، توقیر الدین کے اکاﺅنٹ میں 45 کروڑ روپے جمع کروائے گئے اورکچھ رقم نکلوائی بھی گئی.

ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل لاہور نے ان خفیہ بینک اکاﺅنٹس کا سراغ لگایا اور معلومات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے فراہم کر دی ہیں جبکہ اس سلسلے میں ایف ائی اے کے بینکنگ کرائم سرکل نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا اور تمام بینکوں سے ان ملازمین کے نام پر خفیہ اکاﺅنٹ کی تفصیلات طلب کی ہیں جبکہ اسی کیس میں سکیورٹی ایکسچینج کمیشن اف پاکستان ایس ای سی پی سے ملازمین کے نام پر کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں.

یہ تفصیلات ملنے کے بعد ایک مکمل رپورٹ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کر دی جائیں گی بعدازاں ایف آئی اے کمبائن انوسٹی گیشن ٹیم نے آج شریف فیملی کے ملازمین کو تحقیقات کے لئے طلب کر رکھا تھا. تحقیقاتی ٹیم کے سامنے العربیہ شوگر ملز کے ملازمین پیش ہوئے انہوں نے اپنے بنک اکاﺅنٹ میں موجود اربوں روپے کی رقم بارے تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کروایاملازم رانا وسیم. اقرار، تنویر الحق و دیگر ملازمین ایف آئی اے میں پیش ہوئے.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں