ملک افراتفری کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ،اپوزیشن کے پاس عام انتخابات کے انتظار کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، حکومت غریب آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،

ملک کو مضبوط و ترقی یافتہ بنایا جائے گا،گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور

پیر 21 ستمبر 2020 22:04

ملک افراتفری کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ،اپوزیشن کے پاس عام انتخابات کے انتظار کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، حکومت غریب آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،
لاہور- (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان انتشار اورافراتفری کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ،اپوزیشن کے پاس عام انتخابات کے انتظار کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، وزیر اعظم عمران خاں بلیک میل ہونیوالے لیڈر نہیں، وہ گورنر ہائوس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم سمیت تحریک انصاف کے دیگر فود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے، گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے بڑی مشکل سے ملک کی سمت کو درست کیا ہے، ان حالات میں سیاسی مخالفین اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی سازش کریں گے تو یہ کسی بھی صورت ملک و قوم کی خدمت نہیں ہوگی، سیاسی مخالفین کو ایک بار پھر کہتے ہیں کہ وہ حکومت کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور حکومت کی راہ میں روڑے نہ اٹکائیں، گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم سیاسی نہیں، قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے تمام فیصلے کررہے ہیں، آج ملک میں پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے اور جمہوریت مضبوط ہورہی ہے،انہوں نے کہا کہ جو لوگ اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں وہ ناکام ہوں گے، اداروں کے استحکام سے ہی ملک مضبوط ہوگا ،گورنر پنجاب نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کے منشور کے حق میں ووٹ دے کر ہمیں پانچ سال حکومت کرنے کا اختیار دیا ہے، اس لئے مدت پوری کرنا حکومت کا آئینی اور جمہوری حق ہے،انہوںنے کہاکہ ایک بات بالکل واضح ہے کہ ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہو ں گے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ احتجاج کی دھمکیوں سے حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرلے گا تو ایسا کسی صورت ممکن نہیں ہو سکتا،گورنر پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف غریب آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،’’احساس پروگرام---‘‘ ،’’ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم‘‘ اور ’’انصاف صحت کارڈ‘‘ جیسے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم ملک میں کمزور طبقے کو مضبوط اور خوشحال بنارہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق عوام سے کئے جانیوالے تمام وعدوں کو پورا کرے گی اور ملک کو مضبوط و ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں