وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس،

درآمدی گندم ٹی سی پی سے خریدنے کی منظوری گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے کمیٹی تشکیل، ہاتھی چوک راولپنڈی میں دھماکہ متاثرین کے لواحقین کیلئے مالی امداد کی منظوری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا جائزہ لیں گے،عوام کو ریلیف کی فراہمی مقدم ہے،عثمان بزدار

پیر 21 ستمبر 2020 22:11

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس،
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پیر کے روز وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کابینہ نے درآمدی گندم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے خریدنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں محکمہ خوراک حکومت پنجاب کو درآمدی گندم خریدنے کیلئے ٹی سی پی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی گندم کی نئی امدادی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی فصل کی بوائی سے قبل گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب واجد صوبہ ہے جہاں آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے، گندم اور آٹے کی قیمتو ں میں استحکام کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مستقبل میں صوبے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے زیادہ مقدم ہے، عوام کو ریلیف دینے پر پوری توجہ دی جائے۔ اجلاس میں ہاتھی چوک راولپنڈی میں دھماکے کے متاثرین کے لواحقین کو مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزراء، مشیران،معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں