عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے ، اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے فواد چوہدری

عمران خان کو ووٹ کے ذریعے عوام نے وزیر اعظم بنایا ہے نہ کہ کسی ملکی ادارے نے بھارت اس وقت دہشت گردوں کا بڑا سہولت کار ہے، ن لیگ کا جھگڑا یہی ہے کہ ان کے پیسوں کو بچانے کے لیے فوج اور عدلیہ کوشش نہیں کر رہے ہیں،قطری نیوز چینل کو انٹرویو

ہفتہ 26 ستمبر 2020 19:50

عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے ، اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے فواد چوہدری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے جبکہ اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے،عمران خان کو ووٹ کے ذریعے عوام نے وزیر اعظم بنایا ہے نہ کہ کسی ملکی ادارے نے، بھارت اس وقت دہشت گردوں کا بڑا سہولت کار ہے، ن لیگ کا جھگڑا یہی ہے کہ ان کے پیسوں کو بچانے کے لیے فوج اور عدلیہ کوشش نہیں کر رہے ہیں۔

قطری نیوز چینل الجریزہ انگلش کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنا لوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کا عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی جو کہ حکومت اور کیبنٹ چاہتی ہے، حکومت اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کس ملکی ادارے کا پاکستان کی ترقی میں کتنا کردار ہوگا، حکومت ہم آہنگی کے ساتھ تمام اداروں کے ساتھ کام کررہی ہے اور اپوزیشن کو یہ گوارا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے متعدد بار انتخابات میں حصہ لیا اور ناکام رہے لیکن 22 سالہ سیاسی جدو جہد کے بعد انہیں کامیابی ملی اور وہ وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہوئے، عمران خان کسی بھی مارشل لائ کا حصہ نہیں رہے جبکہ اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے۔ کوئی بھی اپوزیشن لیڈر عمران خان کے جتنی عوامی مقبولیت رکھنے کا دعوی نہیں کر سکتا، وہ نا صرف آج بلکہ دو سال قبل انتخابات کے وقت بھی ملک کے سب سے زیادہ معروف لیڈر تھے، عمران خان کو ووٹ کے ذریعے عوام نے وزیر اعظم بنایا ہے نہ کہ کسی ملکی ادارے نے، ہمیں کسی اور نے نہیں بلکہ عوام نے منتخب کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے اب تک کا سب سے اہم ترین منصوبہ ہے جو تیزی سے جاری ہے، بھارت مسلسل سی پیک میں مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ہماری معیشت کی بحالی کیلئے سی پیک اہم ہے اور اس منصوبے کا سیکیورٹی اینگل ہے جس کی وجہ سے اس منصوبے کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں ملٹری کی معاونت درکار ہے، پاکستانی افواج سی پیک منصوبے کی سیکورٹی کیلئے اور اسکی تکمیل کیلئے اپنا کردار باخوبی نبھا رہی ہے۔

انہو ںنے مزید کہا کہ عمران خان نے حکومت میں آنے سے پہلے سے ہی افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے پیش کرنے کا مشورہ دیا تھا اور حکومت سنبھالتے ہی ان کا یہی کہنا تھا کہ مسئلہ افغنستان کا کوئی ملٹری حل نہیں اور پاکستان نے امریکا کی مدد کی، امریکی صدر نے بھی مسئلہ افغانستان کو حل کرنے کیلئے عمران خان کی تجویز پر غور کیا، اب حکومت اور عسکری قیادت مل کر افغانستان میں امن عمل کو آگے بڑ ھا رہی ہے۔

بعد ازیں میڈٖیا سے گفتگو کر تے ہو ئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ نوازشریف کو ڈیل کی چاہت تھی، جب نہ ہوئی تو سب پھٹ پڑے نوازشریف کی اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں کی جانے والی تقریر پر پاکستان مسلم لیگ نواز کے کارکنوں کو مقدمہ کرانا چاہیے۔ کارکن محب وطن ہیں۔ پیپلزپارٹی اور پی ایم ایل این کا جنم مارشل لاکی گود سے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج، عدالتیں اور پی ٹی آئی اگر ن لیگ کے خلاف ہیں تو ان کو سوچنا چاہیے ن لیگ کا جھگڑا یہی ہے کہ ان کے پیسوں کو بچانے کے لیے کوشش نہیں کر رہے ہیں۔

نواز شریف جمہوریت کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حقیقی جمہوری لیڈر ہیں۔ فوج پاکستان کا ادارہ ہے،سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ شیخ رشید مقبول آدمی ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے بھارت اس وقت دہشت گردوں کا بڑا سہولت کار ہے بھارت کو چین دشمنی کے چشمے سے نہ دیکھے میرٹ پر دیکھنا چاہیے بھارت سخت فاشسٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک اہم منصوبہ ہے سی پیک ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کرداراداکریگا کورونا کے دوران ہم سامان باہر سے منگواتے تھے ہم کورونا سے بچاوً کے سامان میں خودکفیل ہوئے ہیں۔ پاکستان کامستقبل نوجوانوں کیساتھ جڑا ہے۔ایک سوال کے جو اب میں فواد چودھری نے کہا کہ فیصل آباد میں میڈیکل صنعت قائم کررہے ہیں۔ پاکستان ہر ماہ 1100 وینٹی لیٹر بنارہا ہے۔

سیالکوٹ میں سمبڑیال کے مقام پر تکنیکی سینٹر بنارہے ہیں۔ امید ہے آئندہ سال کورونا سے بچاؤ کی ویکسین بن جائیگی پاکستان نے اپنی ڈائلیسزمشین بھی تیار کر لی ہے تیس کروڑ سے زائد سرنجز اور نیڈلز درکار ہونگی۔ ایکسرے مشین بھی مکمل ہونے کے قریب ہے۔ فیڈمک میں ہی پاکستان کی پہلی لیتھیم بیٹریاں بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سال تک ہم اپنی سرنجز، نیڈلز اور ایکسرے مشینز بنارہے ہوں گے۔ ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں