وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس ،

اوورسیز پاکستانیز کمیشن سائوتھ پنجاب کے قیام کی اصولی منظوری پنجاب میں قائم تمام خدمت مراکز میں او پی سی ڈیسک کھولنے کا فیصلہ، او پی سی ایکٹ 2014 میں ترامیم کی منظوری بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے زیر التوا کیس جلد نمٹائے جائیں، اوورسیز پاکستانیوںکے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے‘عثمان بزدار

ہفتہ ستمبر 22:05

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس منعقدہوا ،جس میں کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-اجلاس میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن سائوتھ پنجاب کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں او پی سی کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو بہت ریلیف ملے گا۔

اجلاس میں پنجاب میں قائم تمام خدمت مراکز میں او پی سی ڈیسک کھولنے کا فیصلہ کیاگیا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ مختلف اضلاع میں قائم خدمت مراکز میں او پی سی ڈیسک کھلنے سے اووسیز پاکستانیوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔ اجلاس میں او پی سی ایکٹ 2014 میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ ایکٹ میں ترامیم کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی- وزیر اعلیٰ نے ایڈوائزری کونسلوں کو قواعد و ضوابط کے تحت جلد تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایڈوائزری کونسلوں میں اچھی شہرت کی حامل شخصیات کو شامل کیا جائے اورقواعد و ضوابط کے مطابق ڈسٹرکٹ کمیٹیوں میں ممبران کی تقرری کی جائے جبکہ پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ملازمین کو الائونس دینے کا معاملہ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوانے اورکمیشن میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا کیس ازسر نو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی- وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے زیر التوا کیس جلد نمٹائے جائیں-انہوںنے کہاکہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں-ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے -حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی-وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کمیشن اب تک 12532 شکایات کا ازالہ کر چکاہے جبکہ زیر التواء شکایات پر ضروری کارروائی کی جا رہی ہے اوراربوں روپے کی پراپرٹی واگزار کرائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پنجاب، وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن وسیم اختر، ارکان پنجاب اسمبلی عمر تنویربٹ، خیال احمد کاسترو، شاہینہ کریم، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،کمیشن کے دیگر ممبران اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئی-

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments