شیخ رشید کے بیانات پر معتبر قومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا گیا

مناسب ہوگا غیراعلانیہ ترجمان کی بےقابو زبان کو تالے لگائے جائیں، ورنہ قومی کمیشن بنایا جائے، جو اُن ذمہ داروں کا تعین کرے جن کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر جوابدہی کا سامنا ہوا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء سینیٹر پرویز رشید کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 ستمبر 2020 19:02

شیخ رشید کے بیانات پر معتبر قومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا گیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 26 ستمبر 2020ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے شیخ رشید کے بیانات پر معتبرقومی کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مناسب ہوگا غیراعلانیہ ترجمان کی بےقابو زبان کو تالے لگائے جائیں، ورنہ قومی کمیشن بنایا جائے، جو اُن ذمہ داروں کا تعین کرے جن کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر جوابدہی کا سامنا ہوا۔

انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اے پی سی اعلامیہ اور کانفرنس تقاریر کے بعد غیراعلانیہ ترجمان واویلا مچا رہے ہیں۔ ’’نادان دوست‘‘ شجرِممنوعہ موضوعات کو قوم کی توجہ کا مرکز بنا رہے ہیں۔ مناسب ہوگا غیراعلانیہ ترجمان کی بےقابو زبان کو تالے لگائے جائیں، یا پھر ان ممنوعہ موضوعات پر کھلے مباحثے کو برداشت کرنے کی سکت پیدا کی جائے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ بصورت دیگر معتبر قومی کمیشن قائم کیا جائے۔ کمیشن اُن ذمہ داروں کا تعین کرے جن کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر جوابدہی کا سامنا ہوا۔ اسی طرح مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء جس طرح غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں، وہ ملک میں روز نئے بحران کو جنم دے رہے ہیں۔

اپنے بیانات اداروں کی پوزیشن کو متنازع بنا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی میٹنگ کو حکومتی وزراء نے سیاست کیلئے استعمال کیا۔ پاکستان کو آج سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ بدگمانی پھیلانے والے شرانگیزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں مسلم لیگ ن کے قائد کا خطاب اوپر سے لے کر نیچے تک ہر ن لیگی کارکن کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی اور خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت واپس آگئی لیکن پنجاب میں ن لیگ کے مینڈیٹ کو اقلیت میں بدل دیا گیا۔

قومی اسمبلی اور پنجاب میں اکثریت کو اقلیت میں بدلا گیا۔ حکومت کا انتقام اس قدر اندھا ہے، کہ پاکستان کو ایک فاشسٹ اور ون پارٹی ریاست بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم پاکستان کو ون پارٹی اسٹیٹ نہیں بنانے دیں گے۔ جس کی نشانی لیڈر آف اپوزیشن اور ن لیگی رہنماؤں کیخلاف نیب گردی کی نئی لہر برپا کردی گئی ہے۔ شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا تو سیاست کی بدقسمتی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 15 نومبر کو گلگت بلتستان میں انتخابات کا اعلان کے بعد حکومت من پسند افراد کو لانے کے لیے اپوزیشن کے ہاتھ پاؤں باندھنا چاہتی ہے۔ جو کہ الیکشن میں پری پول دھاندلی ہے۔ شیخ رشید سے پوچھیں وہ کس کی ترجمانی کرتے ہیں، میں تو ان کو سنجیدہ نہیں لیتا آپ لوگ ان کو کیوں سنجیدہ لیتے ہیں؟ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے دہشتگردی کی جنگ جیتنے کیلئے عسکری قوتوں کو وسائل فراہم کیے۔ ہمیں ہائبرڈ وار جیتنی ہے تو فوج ہائبرڈ وار عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیتی سکتی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں