منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کو ایک بار پھر طلب کرلیا گیا

دوسری دفعہ بھی پیش نہ ہوئے تو قانونی کارروائی عمل میں لائے جائے گی ، ایف آئی اے نوٹس کا متن

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 ستمبر 2020 15:56

منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کو ایک بار پھر طلب کرلیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2020ء) منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی طرف سے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے ، اس حوالے سے بھیجے گئے نوٹس میں ایف آئی اے کی طرف سے سلمان شہباز کو یکم اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپ کے اکاونٹس میں 10 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم منتقل ہوئی ، بتایا جائے کہ اس رقم کے ذرائع کیا؟ ، آپ کو 25 ستمبر کو بھی طلب کیا جاچکا ہے اگر دوسری دفعہ بھی پیش نہ ہوئے تو پھر قانونی کارروائی عمل میں لائے جائے گی ۔ دوسری طرف اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی رہائشگاہ پرسیکیورٹی اہلکار نے آئی اے ٹیم کی جانب سے دیئے جانے والا نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا، سیکیورٹی اہلکار نے ایف آئی اے حکام کو لکھ کر دیا کہ سلمان شہباز پاکستان میں موجود نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے چھوٹے بیٹے سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاﺅنٹ میں بھی 9.5 ارب روپے کا انکشاف ہوا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ ملازمین رمضان شوگر مل اور العریبیہ شوگر مل میں کام کرتے ہیں ، ایف آئی اے نے ان اکاﺅنٹس کی تفصیلات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کر دی ہیں ۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سلمان شہباز کے چپڑاسی مقصود کے بینک اکاﺅنٹ میں 2.3 ارب روپے کا انکشاف ہوا ، مقصود چپڑاسی نے ان پیسوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ایک قیمتی مرسڈیذ کار بھی خریدی جبکہ شبیر قریشی کلرک کے اکاﺅنٹ میں ایک ارب ، رانا وسیم کے اکاﺅنٹ میں 24 کروڑ ، اقرار کے اکاﺅنٹ میں 64 کروڑ ، تنویر الحق کلرک کے اکاﺅنٹ میں 52 کروڑ ، خضر حیات اکاﺅنٹ کلرک کے اکاﺅنٹ میں 1.2 ارب روپے ، توقیر الدین کے اکاﺅنٹ میں 45 کروڑ روپے جمع کروائے گئے اورکچھ رقم نکلوائی بھی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں