وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات،

قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی مذمت اداروں کیخلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دینگی:دونوں رہنمائوں کا عزم قومی اداروں کا احترام ضروری، مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہی:عثمان بزدار اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہینگے، اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہی:پرویزالٰہی

منگل 29 ستمبر 2020 22:21

وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے آج وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے گئے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ورکنگ ریلیشن کے امور بھی زیربحث آئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی مذمت کی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم سب پر اداروں کا احترام ضروری ہے۔

(جاری ہے)

مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے جبکہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعت سے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں اور فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ (ق) کو شریک کیا گیا ہے۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی کا ناٹک ناکام رہا۔ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں