مزار قائد پر کچھ غلط نہیں کیا ، ہر18 اکتوبر کو نعرے لگاتا رہوں گا ، کیپٹن ر صفدر

جاہل مجھے مزارات کے تقدس کا سکھا رہے ہیں ، اگر ماں سے فریاد کرنا جرم ہے تو بار بار کرتے رہیں گے ، میں نوازشریف کی ہدایت پر عمل پیراہوں ، سابق وزیراعظم کے داماد کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اکتوبر 2020 10:07

مزار قائد پر کچھ غلط نہیں کیا ، ہر18 اکتوبر کو نعرے لگاتا رہوں گا ، کیپٹن ر صفدر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ ایف آئی آر سے ڈرنے والا نہیں ، ہر 18 اکتوبر کو مادر ملت کے مزار پر جاکر نعرے لگاتا رہوں گا ، اگر ماں سے فریاد کرنا جرم ہے تو بار بار کرتے رہیں گے ، جاہل مجھے مزارات کے تقدس کا سکھا رہے ہیں ، ہمارے گھر سے لوگ مزاروں کا ادب سیکھ کر جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر نے کہا کہ میں مزار کےادب سےواقف ہوں، مجھے مقدمات سے نہیں ڈرا یا جاسکتا، ہر سال 18اکتوبر کو مادر ملت کے مزار پر جاکر نعرے لگاتا رہوں گا ، 2018 میں بھی ووٹ چوری ہوا، بابائے قوم اور مادر ملت کے مزار پر چیخ کر آیا ہوں ، میں نوازشریف کی ہدایت پر عمل پیراہوں، رات کےاندھیرے میں آکر مجھے گرفتار کیاگیا،پریشان ہوں ایک صوبے کا آئی جی 3 گھنٹے کہاں رہا؟ ایف آئی آر کٹوانے والے کون لوگ ہیں؟ کیا خلا سے ایف آئی آر کٹوائی گئی؟ مادر ملت سے پیغام لیکر آیا ہوں آمروں کی اولادوں کو ووٹ نہ دیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مزار قائد کے تقدس کی پامالی کیس میں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے بعد سندھ حکومت کا دہرا معیار سامنے آگیا، تفصیلات کے مطابق مزار قائد کے احاطے میں نعرے بازی اور مزار کے تقدس پامالی کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے کیپٹن (ر) صفدر کے کیس میں سندھ حکومت عدالت میں ان کی مخالفت کرتی دکھائی دی جبکہ عدالت سے باہر سندھ حکومت کی جانب سے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی مذمت کی جاتی رہی ہے ، میڈیا ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے پراسیکیوٹر نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت کی مخالفت کی ، جب کہ سندھ حکومت کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کی جانب سے بھی کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت کی مخالفت کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں