سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی خاتون کے ساتھ گالم گلوچ

مبینہ آڈیو کال سوشل میڈیا پر وائرل،سی سی پی او عوامی تنقید کی زد میں

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 21 اکتوبر 2020 05:51

سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی خاتون کے ساتھ گالم گلوچ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) سی سی پی او لاہور عمرشیخ جب سے عہدے پر آئے ہیں پہلے دن سے ہی متنازع بنے ہوئے ہیں۔ان کے ایکشن جہاں کچھ لوگوں کو سخت نا پسند ہیں وہیں ان کے اقدامات کی توقیر کرنے والے بھی ڈھیروں لوگ موجود ہیں۔عوام میں شاید ان کے ایسے ایکٹس کی پذیرائی ہوتی ہو مگر ان کے اپنے محکمے کے لوگ زیادہ پسند نہیں کر رہے یہی وجہ ہے کہ محکمے کے افسران اب سی سی پی او لاہور سے فاصلہ رکھنے لگے ہیں۔

سی سی پی او لاہور کے رویے پر بہت سارے لوگوں کو اعتراض ہے جس کی مثال موٹروے کیس میں خاتون کے خلاف بیان دینے پر ردعمل کی صورت میں سامنے آئی تھی۔اس کے بعد ایک انتہائی قابل اور پڑھے لکھے پویس افسر کر گدھے کا بچہ بھی کہہ دیا تھا جس پر نوجوان نے دل برداشتہ ہو کر محکمے سے استعفیٰ دے دیا تھااور اب ایک خاتون کے ساتھ مبینہ بدکلامی کی گفتگو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس پر سی سی پی او لاہور کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی ایک خاتون کے ساتھ مبینہ بد کلامی کی آڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف منشیات کے مقدمے کے حوالے سے فون کیا ہی تھا کہ سی سی پی او نے مبینہ طور پر بدکلامی شروع کر دی۔آڈیو میں سنا جا سکتاہے کہ رائے ونڈ کی رہائشی خاتون نے سلام کے بعد سی سی پی او کو بتایا کہ اس کے شوہر کےخلاف کیس کا کچھ نہیں بنا، تو سی سی پی او عمر شیخ نے مبینہ طور پر اس سے بدکلامی شروع کر دی۔


آڈیو ٹیپ میں سی سی پی او نے مبینہ طور پر کہا کہ ’اب انہیں فون نہ کرنا، تماشا لگا رکھا ہے‘اور ساتھ میں گندی غلیظ گالیاں بھی دیں۔ گفتگو کایہ دورانیہ تقریباً20 سیکنڈز پرمشتمل ہے، آڈیوکے مطابق بدکلامی پر خاتون خاموش ہو گئی اور اس نے ڈر کر فون بند کردیا۔رائےونڈ کی رہائشی خاتون کی جانب سے سی سی پی او کو دی گئی درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ حیدر علی نامی سب انسپکٹر نے اس کے شوہر سے مقدمہ درج نہ کرنے کا کہہ کر ایک لاکھ 93 ہزارروپے رشوت لے لی مگر پھر مقدمہ بھی درج کرلیا۔

دوسری جانب سی سی پی او کا کہنا ہے کہ یہ آڈیو گفتگو ان کے خلاف نیا افسانہ ہے اور اس میں حقیقت کچھ نہیں ہے۔تاہم اس آیڈیو کے اصل ہونے یا من گھڑت ہونے کی ابھی تک کوئی واضح تردید یا تصدیق منظر عام پر نہیں آ سکی مگر سوشل میڈیا صارفین نے سی سی پی او لاہور کو ضرور آڑے ہاتھوں لیا ہوا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں