نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیس ٹیمیں اے این ایف کے ساتھ مل کرجوائنٹ آپریشنز جاری رکھیں ‘ا ٓئی جی پنجاب

جمعرات 22 اکتوبر 2020 18:22

نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیس ٹیمیں اے این ایف کے ساتھ مل کرجوائنٹ آپریشنز جاری رکھیں ‘ا ٓئی جی پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ معاشرے بالخصوص نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے اور منشیات فروشی کے نیٹ ورکس کے قلع قمع کیلئے پنجاب پولیس صوبے کے تمام اضلاع میںاینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ مل کر جوائنٹ آپریشنز میں مزید تیزی لائے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جا سکیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران صوبے کے مختلف مقامات بالخصوص تعلیمی اداروں اور سٹوڈنٹ ہاسٹلز کے ارد گرد علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور نوجوان نسل کو آئس سمیت دیگر فیشن ایبل ڈرگز کی جانب راغب کرنے اور سپلائی دینے والے معاشرتی ناسوروںکو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ منشیات فروشی اور اسمگلنگ میں ملوث بڑی مچھلیوں کوقانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کیلئے اے این ایف سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بروقت انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر اس لعنت کا جڑسے خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ منشیات کی سپلائی چین کے خاتمے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے آن بورڈ ہونے کے ساتھ اسکے ناقابل تلافی نقصانات کے متعلق عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی مہم میں تیزی لائی جائے اور منشیات فروشوں کے خلاف آپریشنز میں سول سوسائٹی اور کمیونٹی کو شامل کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کے دوران سینئر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبے بھر میں پولیس ٹیموں کے منشیات فروشوں کے خلاف آپریشنز اورنتائج کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاریآپریشنز کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال رواں کے دوران تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروشی کے 360 مقدمات درج کرکی371افراد کو گرفتار کیا گیاجن کے قبضے سے 11کلو گرام ہیروئن، 8من سے زائد چرس اور 1736گرام آئس برآمد کی گئی۔

اسی طرح تعلیمی اداروںکے علاوہ صوبے کے مختلف مقامات پر کئے گئے آپریشنز کے دوران منشیات فروشی کی37167مقدمات درج کرکے 38ہزار سے زائد ملزمان کوگرفتار کیاجن کے قبضے سے 17من سے زائد ہیروئن، 445من سے زائد چرس اور 10کلو سے زائد آئس برآمد کی گئی ۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹیمیں اے این ایف کے ساتھ اپنی کوارڈی نیشن کو مزید موثر بنائیںجبکہ جس علاقے سے منشیات کی بڑی کھیپ اے این ایف یا کوئی دوسری پولیس ٹیم پکڑے اس تھانے کے ایس ایچ او اور سرکل افسر سے بھی باز پرس کی جائے ۔

انہوںنے مزیدکہاکہ منشیات فروشوں کے خلاف ہونے والی کاروائیوں کی ماہانہ رپورٹ باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں اور اس حوالے سے تمام ڈی پی اوز اور آرپی اوز بھی ماہانہ بنیادوں پر فالواپ میٹنگز میں پولیس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی لیگل جواد احمد ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا اور اے آئی جی آپریشنز غازی صلاح الدین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں