پی پی160میں پہلے مرحلے میں 3257صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں: میاں محمود الرشید

آئندہ چند ہفتوں میں حلقے کے مزید ہزاروں مستحقین میں انصاف صحت کارڈ تقسیم کر دیئے جائیں گے۔اجلاس سے خطاب

جمعہ 23 اکتوبر 2020 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) وزیرہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم پی ٹی آئی حکومت کا تاریخ ساز کارنامہ ہے۔اس بے مثال فلاحی پروگرام سے غریب عوام کو علاج کی معیاری سہولیات ملی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی160 علامہ اقبال ٹاؤن کے مستحقین میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمودالرشید نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم سے وزیراعظم عمران خان کا عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہوا ہے۔ پی پی160میں پہلے مرحلے میں 3257صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں حلقے کے مزید ہزاروں مستحقین میں کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ پنجاب کے لاکھوں مستحقین انصاف صحت کارڈ ز سے استفادہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کارڈ کے ذریعے نہ صرف سرکاری بلکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی علاج معالجے کی سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ صحت انصاف کارڈ پی ٹی آئی حکومت کے فلاحی ایجنڈے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو بہتر سے بہترسہولیات کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں