لڑکی کے ساتھ ڈیٹ کرنا چار لاکھ میں پڑ گیا

لڑکا کھانے کا بل دیے بغیر ہوٹل سے فرار ہو گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 اکتوبر 2020 06:05

لڑکی کے ساتھ ڈیٹ کرنا چار لاکھ میں پڑ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر2020ء) سوشل میڈیا ایک طوفان ہے۔جہاں آپ کو بہت ساری اچھی چیزیں ملتی ہیں،کہ آپ تازہ ترین خبروں سے آگاہ رہتے ہیں۔دنیا بھر میں ہونے والے واقعات بروقت پتا چلتے ہیں۔صحت سے لے کر کھیلنے تک ،ورزش سے لے کر طرح طرح کے ٹوٹکے،مزاحیہ چیزیں اور دیگر علمی باتیں بھی آپ کو سوشل میڈیا سے پتا چلتی رہتی ہیں۔تاہم جہاں سوشل میڈیا انفارمیشن کی اسٹریم ہے وہاں یہ اجنبیوں کے درمیان رابطے کا بھی مرکز ہے۔

بہت سے اجنبی اسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے دوست بنے اور پھر جوڑے بن گئے۔مگر یوں سوشل میڈیا پر اجنبیوں سے دوستی بعض اوقات بہت مہنگی بھی پڑتی ہے کہ چین میں ایک نوجوان کو سوشل میڈیا پر لڑکی سے دوستی کرنے کی قیمت چار لاکھ پڑی۔سوشل میڈیا پر گپ شپ کرنے کے بعد جب پہلی ملاقات ہوئی تو لڑکی نے جو کھانا آرڈر کیا اس کی قیمت چار لاکھ روپے بنی اور لڑکے کو پیسے دینے کی بجائے بھاگنے میں ہی عافیت سوجھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چین میں ایک انوکھا واقعہ دیکھنے میں آیا جہاں اپنی گرل فرینڈ کو ڈنر پر لے جانے والا بوائے فرینڈ کھانے کا بِل دیے بغیر ہی فرار ہوگیا۔یہ ایک بلائنڈ ڈیٹ تھی اور اس سے قبل لڑکا لڑکی دونوں صرف فون اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہی ایک دوسرے کے رابطے میں تھے۔گرل فرینڈ اپنے بوائے فرینڈ کی فراغ دلی کو پرکھنے کے لیے پہلی ڈیٹ پر اپنی 23 دوستوں کو بھی ساتھ لے آئی تھی۔

بعد ازاں سب نے مل کر کھانا آرڈر کیا جب کہ کھانا کھانے کے بعد جب ریسٹورینٹ والوں نے لڑکی کے بوائے فرینڈ کو بِل پکڑایا تو اس کے ہوش اڑ گئے۔اس بلائنڈ ڈیٹ کا بِل 19 ہزار 800 چینی یوآن بنا جو کہ پاکستانی لگ بھگ 4 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔اس رقم کو دیکھنے کے بعد بوائے فرینڈ فرار ہوگیا جس کے بعد یہ رقم بالآخر اس کی گرل فرینڈ کو ہی ادا کرنی پڑی۔

بعدازاں لڑکی اس واقعے کی شکایت کرنے پولیس اسٹیشن پہنچی اور اس معاملے پر چینی پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور انہوں نے فرار ہونے والے لیو نامی شخص کو ڈھونڈ نکالا۔ پولیس نے لیو کو 2 لوگوں کا بل ادا کرنے کو کہا جب کہ بقیہ 15 ہزار 402 یوآن بل لڑکی کو ہی ادا کرنا پڑا جو اپنے ساتھ اپنی دوستوں کو لائی تھی۔یوں سوشل میڈیا پر چسکے لینے کی مہم دونوں فریقین کو بہت مہنگی پڑی اور امید ہے کہ آئندہ لڑکے لڑکیاں اس طرح کے فلرٹ کرنے سے باز رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں