بلاول بھٹو زرداری آج جلسے میں شرکت نہیں کریں گے، فیاض الحسن چوہان

ن لیگ کے ساتھ رہ کر پیپلز پارٹی کی سیاست تباہ ہو جائے گی، کراچی جلسے میں نواز شریف سے خطاب نہ کروا کر اچھا کیا، بلاول بھٹو آئیندہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنا بھی چھوڑ دیں گے: صوبائی وزیر اطلاعات

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 25 اکتوبر 2020 11:34

بلاول بھٹو زرداری آج جلسے میں شرکت نہیں کریں گے، فیاض الحسن چوہان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 اکتوبر2020ء) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو آج کوئٹہ کے جلسے میں شرکت نہیں کریں گے اور آئیندہ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنا بھی چھوڑ دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم قائدین کا جوش ماند پڑ چکا ہے، بلاول بھٹو بھی کوئٹہ جلسے میں جانے کو تیار نہیں ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ڈی ایم قائدین کا جوش و جذبہ ماند پڑ گیا ہے اور بلاول بھٹو زرداری پی ڈی ایم جلسے میں آنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم جلسے کے بجائے انتخابی مہم کو اہمیت دے رکھی ہے اور کچھ دن بعد بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے بھی خطاب نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ جلسہ بنیادی طور پر محمود خان اچکزئی کا جلسہ ہے۔ این آر او سے متعلق بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یہ کے ٹو کی پہاڑی پر چڑھ جائیں تو بھی انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے ستمبر میں این آر او لینے کے لیے آخری ملاقات کی اور این آر او ملنے سے انکار پر انہوں نے پی ڈی ایم بنا لی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جعلی ڈگریوں اور قطری خط کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کا ڈرامہ بھی سامنے آ گیا۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حقیقت میں نواز شریف کا کوئی سیاسی وجود نہیں رہا جبکہ مریم نواز کا وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کینہ، بغض اور غصہ ان کے لب و لہجے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی جدوجہد لندن جانے کے لیے ہے جبکہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر ہی عوام کو سڑکوں پر نکال رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حزب اختلاف کو سمجھایا ہے کہ کوئٹہ کے حالات بہتر نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو نے کراچی میں نواز شریف کی تقریر نہ کرواکر اچھا کیا جبکہ آج بھی بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے خود کو پیچھے کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ رہ کر پیپلز پارٹی کی سیاست مزید خراب ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں