وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پہلے ہی اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کردیا گیا

لاہور کے جین مندر کے قریب اورنج لائن ٹرین کے سٹیشن پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں اورنج لائن میٹرو کے آغاز کی خوشی میں جشن کا سماں، کارکنان کی نعرے بازی جاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 25 اکتوبر 2020 11:54

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پہلے ہی اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کردیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 اکتوبر2020ء) لاہور میں حکومت کی جانب سے اورنج لائن ٹرین کے افتتاح سے قبل ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اورنج لائن ٹرین کے افتتاح کی خوشی میں تقریب سجا لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے جین مندر کے قریب اورنج لائن ٹرین کے سٹیشن پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں اورنج لائن میٹرو کے آغاز کی خوشی میں جشن کا سماں، کارکنان کی نعرے بازی جاری۔

پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن ٹرین کا افتتاح آج 12 بجے کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اورنج لائن ٹرین کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرنا ہے۔ جبکہ اس تقریب سے قبل ہی لاہور کے جین مندر میں مسلم لیگ ن نے میدان سجا لیا اور افتتاح سے قبل ہی افتتاح کر ڈالا۔

(جاری ہے)

اورنج لائن ٹرین کے افتتاح کی خوشی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے منعقد تقریب میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق، خواجہ عمران نذیر ،عطااللہ تارڑ، پرویز ملک اوردیگر شریک ہیں۔

سردار ایاز صادق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف رات بھر وزیراعظم کے خواب میں آتے ہیں۔ پہلے میں وزیراعظم کےخواب میں آتا تھا اب نواز شریف ان کے خواب میں آتے ہیں، وزیراعظم کی سوچ محدود ہے،کبھی بھنگ کی بات کرتے ہیں تو کبھی مرغوں کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سوال کرتے ہیں ، حکومت سے کب جان چھڑاؤ گے ، اب جان چھڑاناہوگی۔

حکومت نے سوچا تھا اورنج ٹرین کا کریڈٹ نواز شریف کو نہیں دیں گے۔ لیکن یہ ان کی بھول ہے، اورنج لائن منصوبہ شریف برادران کا لاہور کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کا تحفہ لاہور کو دینے والے میاں شہباز شریف آج جیل میں ہیں، اورنج لائن کے منصوبے کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والا احد چیمہ اس وقت کیمپ جیل میں ہے۔ شہباز شریف کا جرم صرف صوبے کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت کو اورنج لائن کے افتتاح پر ہمارا جشن برداشت نہیں ہو رہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں