پریمئر سپر لیگ ،رائونڈ میچز میں کارپٹ سیکٹر کی ٹیموں ہنڈا،یونی فوم، ایبکس، نیٹسول، ڈیسکون اور ڈیجیٹل پلاننگ سروسز کی کامیابی

اتوار 25 اکتوبر 2020 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) پریمئر سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے رائونڈ میچز میں کارپٹ سیکٹر کی ٹیموں ہنڈا،یونی فوم، ایبکس، نیٹسول، ڈیسکون اور ڈیجیٹل پلاننگ سروسز نے کامیابی حاصل کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق اتفاق کرکٹ گرائونڈ، ماڈل ٹائون گرینز کرکٹ گرائونڈ اور ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں چھ رائونڈ میچز کھیلے گئے۔

پہلے میچ میں یونی فوم کی ٹیم نے زلٹیک کی ٹیم کو 91 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ یونی فوم کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔ عباس علی نے 147 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد عباس نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں زلٹیک کی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عبداللہ ہاشم 40 بناکر نمایاں رہے جبکہ عامر عاشق نت نے مخالف ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

(جاری ہے)

عباس علی کو بہترین بلے بازی کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں ہنڈا نے زیفر کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ زیفر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ معین اختر نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور عرفان رشید نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہنڈا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

محمد محفوظ نے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ محمد محفوظ عمدہ بلے بازی کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تیسرے میچ میں نیٹسول نے آئی جی ایس کی ٹیم کو 72 رنز سے شکست دی۔ نیٹسول نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ بلال اسلم نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ارسلان پرویز نے تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں آئی جی ایس کی ٹیم 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فراز حسن نے مخالفت ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بلال اسلم شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ چوتھے میچ میں ڈیجیٹل پلاننگ سروسز کی ٹیم نے یو سی ایس کو 23 رنز سے شکست دی۔ ڈی پی ایس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔

محمد جواد نے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔حماد عزیز نے بھی عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں یو سی ایس کی ٹیم 172 رنز بناسکی۔ مدثر راٹھور نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد جواد بہترین کارکردگی دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔پانچویں میچ میں ایبکس نے آئی سی آئی کو 117 رنز سے شکست دی ۔ ایبکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

سلمان صادق نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ جواب میں آئی سی آئی کی ٹیم 42 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئی سی آئی کا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوا ۔ مہدی رضا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ سلمان صادق شاندار کارکردگی دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ چھٹے میچ میںڈیسکون نے ایف بی آر کو 10وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

ایف بی آر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ اظفر زیدی نے 44 رنز بنائے جبکہ وسیم ولیم نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ڈیسکون نے ٹیم نے مطلوبہ ہدف باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ مبشر اقبال نے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ مبشر اقبال کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں