نوازشریف کا نام ’لاپتہ افراد‘ کی فہرست میں شامل کرنے کا مشورہ

جس دن سے ادارے آزادانہ کام کر رہے ہیں اپوزیشن کو لگتا ہے انکا مینڈیٹ چھن گیا ، پی ڈی ایم قائدین کے ملک دوستی کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آ رہا ہے ، وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 اکتوبر 2020 11:24

نوازشریف کا نام ’لاپتہ افراد‘ کی فہرست میں شامل کرنے کا مشورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپنا نام لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لاپتہ افراد کی فہرست میں اپنانام بھی شامل کر لیں تو مناسب ہو گا، پی ڈی ایم جلسے میں حواس باختہ قائدین کے ہوشربا انکشافات سے عوام محظوظ ہو رہے ہیں ، کیوں کہ مکس اچار پارٹی ایک سرکس کی طرح عوام کو محظوظ کرنے میں مصروف ہے ، جس دن سے ادارے آزادانہ کام کر رہے ہیں اپوزیشن کو لگتا ہے انکا مینڈیٹ چھن گیا ہے ، سندھ کے وڈیروں کو شاید ہر دوسرا حکمران بھی قبضہ مافیا ہی لگتا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم قائدین کے ملک دوستی کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آ رہا ہے، بلوچستان کی آزادی کی بات کوئی محب وطن پاکستانی سیاستدان نہیں کر سکتا، صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پی ڈی ایم کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے ہے کہ جنوری میں پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کا ’بوریا بستر گول‘ ہو جائے گا ، اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو کیا گھر بھیجنا ہے بلکہ ان کی پوری قیادت خود گھر چلی جائے گی ، وقت گزرنے کے ساتھ ہی اپوزیشن کا بیانیہ کمزور ہوتا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی ان کے باہمی اختلافات بھی بڑھتے جائیں گے ، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے جنوری تک ملک واپس آنے کے بعد ان کی تحریک میں سے جان نکل جائے گی ، جس کے بعد اپوزیشن کی موجودہ تحریک زیادہ لمبےعرصے تک نہیں چل سکے گی ، جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں اپنے اندر ہی پھوٹ پڑ جائے گی ، کیوں کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان پاکستانی عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں