12ربیع الاول پر سکیورٹی ڈیوٹی کرنے والے افسران واہلکار فیس ماسک کو یونیفارم کا حصہ سمجھیں ‘ آئی جی پنجاب

آتشبازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی میں تاخیرنہ کی جائے ‘ انعام غنی

جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:34

12ربیع الاول پر سکیورٹی ڈیوٹی کرنے والے افسران واہلکار فیس ماسک کو یونیفارم کا حصہ سمجھیں ‘ آئی جی پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس انعام غنی نے کہاہے کہ جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر صوبے کے تمام اضلاع میں حساس جلوسوں اور محافل میلاد النبیؐ کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں جبکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکل کربڑے جلوسوں اور حساس محافل میلاد النبیؐ کے سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کی نگرانی کریں تاکہ عوام رحمت العالمین ؐ کے جشن ولادت کی تقریبات میں بلا خوف و خطر شرکت کرسکیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ حساس اضلاع میں میلاد النبیؐ کے بڑے جلوسوں اور محافل کو تھری لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کرنے والے افسران و اہلکار کورونا سے بچائو کیلئے فیس ماسک کو یونیفارم کاحصہ سمجھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ حساس اضلاع میں جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس لازمی استعمال کئے جائیں اور اہم مساجد ، درباروں اور مذہبی مقامات کے گردو نواح میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ عید میلاد النبی ؐ کے سیکیورٹی انتظامات کرتے وقت جلوسوں کے منتظمین، مقامی علماء ، اور سول سوسائٹی کی موثر تجاویز کو بھی مد نظر رکھا جائے اور آتشبازی و ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کو مزیدسخت اور گذرنے والی تمام گاڑیوں کی فوٹیج ریکارڈ میں محفوظ ہوتاکہ بوقت ضرورت اس سے استفادہ کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میںایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان ،سی سی پی او لاہور سمیت تمام آرپی اوز نے اپنے اضلاع میں جشن عید میلاد النبیؐکے سیکیورٹی انتظامات بارے آئی جی پنجاب کو آگاہ کیا ۔

کانفرنس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے صوبہ بھر میںلگ بھگ 1100محافل اور 2317جلوس نکا لے جائیں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے قریبا60ہزار افسران واہلکاراور قومی رضاکارسیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر منعقدہ محافل اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 187واک تھرو گیٹس،8344 میٹل ڈیٹیکٹرز، 2654سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال کئے جائیں گے ۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ عید میلاد النبی ؐ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو انکی ڈیوٹی کی حساسیت کے متعلق موثر طور پر بریف بھی کیا جائے تاکہ وہ اپنے فرائض مزید تندہی ، فرض شناسی اورہائی الرٹ ہو کر سر انجام دے سکیں ۔کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان اورایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں