ڈونلڈ ٹرمپ نے اگر الیکشن ہارا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی

سینکڑوں انتہا پسند گروپ خانہ جنگی کے لیے تیار ہو چکے،ٹرمپ الیکشن جیتنے کے لیے ہر کارڈ کھیلنا چاہ رہا ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 30 اکتوبر 2020 06:52

ڈونلڈ ٹرمپ نے اگر الیکشن ہارا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء) کہا جا رہا ہے کہ ٹرمپ امریکی الیکشن جیتنے کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک کارڈ کھیلنے جا رہاہے۔گزشتہ الیکشن میں اس کی جیت کے پیچھے روسی ایجنسیوں کا ہاتھ ظاہر کیا گیا تھااور اس بار اسرائیل کی ایما پر ٹرمپ کھیل رہا ہے۔مگر یہ بات بعید از قیاس ہے کہ ٹرمپ الیکشن جیت سکتا ہے۔ امریکہ میں متعدد ایکٹیوسٹ گروپس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صدر ٹرمپ الیکشن ہارنے کی صورت میں نتائج ماننے سے انکار کرسکتے ہیں۔

ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سو سے زائد گروپوں نے احتجاج کی تیاری کر لی۔ ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ ان کو یقین ہے، 20 جنوری کو جو بائیڈن ہی صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج ماننے سے انکار کیا تو کیا ہوگا امریکا کے جمہوریت پسند طبقے میں خدشات جنم لینے لگے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کے ممکنہ غیر جمہوری اقدام کے پیش نظر 130 ایکٹیوسٹ گروپوں نے اتحاد قائم کیا ہے جو ٹرمپ کی جانب سے ممکنہ طور پر انتخابی نتائج ماننے سے انکار کی صورت میں پورے امریکا میں مظاہرے کریں گے۔دوسری جانب ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ وہ جو بائیڈن کی کامیابی کے لیے پر امید ہیں، چاہے کچھ بھی ہوجائے، 20 جنوری کو جو بائیڈن ہی صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔

دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن میں کامیاب ہونے کے لیے پورا زور لگا رہا ہے ا ور آئے دن کسی ریلی سے خطاب کرتا نظر آتا ہے۔گزشتہ روز صدر ٹرمپ اپنی صدارتی مہم کی ریلی کے سلسلے میں موجود تھے کہ اس دوران علاقے کی ممنوعہ قرار دی گئی فضائی حدود میں ایک چھوٹا ائیرکرافٹ داخل ہوگیا جسے فوری طور پر جنگی طیارے نے گھیر لیا۔اس حوالے سے نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفینس کمانڈ (نوراڈ) کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کی دوپہر ایری زونا میں صدر ٹرمپ کی ریلی کے دوران ایک چھوٹا جہاز فضائی حدود میں داخل ہوا جسے روکنے کے لیے ایف 16 طیارہ فوری طور پر بھیجا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف 16 طیارے کی مزاحمت کے دوران فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے چھوٹے طیارے نے کوئی رد عمل نہیں دیا تاہم اسپیس سینٹر کی جانب سے بھیجے گئے جہاز کے سگنل فلیر کے بعد جہاز سے ریڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے رابطہ ہوا۔ترجمان نے مزید کہا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے چھوٹے طیارے کو نوراڈ کے طیارے نے بغیر کسی مزاحمت کے ممنوعہ علاقے سے باہر نکال دیا۔جبکہ طیارہ گھس آنے سے پہلے تو صدر ٹرمپ خوفزدہ ہوئے تاہم ایف سولہ کے آ جانے کے بعد وہ قدرے ریلکیس ہو گئے تھے۔یہ تو خیر ایک واقعہ تھا مگر دیکھنا یہ ہے کہ اس الیکشن میں کامیاب کون ہوتا ہے اور امریکہ میں کس قسم کے حالات مستقبل کا دروازہ کھٹکھٹانے کے لیے پہنچنے والے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں