ایاز صادق نے انتہائی ذمے دارانہ اور سنجیدہ بات کی ، فضل الرحمان

تنقید سے کوئی بالا تر نہیں ہے، اختلاف رائے اصولوں پر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ، اس بات کا حق نہیں دے سکتے کہ ان سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ بھی لیتے رہیں ، پی ڈی ایم سربراہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 13:59

ایاز صادق نے انتہائی ذمے دارانہ اور سنجیدہ بات کی ، فضل الرحمان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 اکتوبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایاز صادق نے انتہائی ذمے دارانہ اور سنجیدہ بات کی ہے، ملک کو آئین کےمطابق چلایا جائے ، ناجائزحکومت ہم پر مسلط نہ کی جائے، جس کی کابینہ احمقوں کا مربہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو اشتعال دلاتی ہے، اور ملک میں بحران پیدا کیے جارہےہیں، میرے خیال میں قیامت کی علامت ہے کہ مسلم لیگی غدار ٹھہرے ، ہم توہین آمیز رویوں کےخلاف ہیں، لیکن تنقید سے کوئی بالا تر نہیں ہے، ہم حکومت کے جواز کو تسلیم نہیں کرتے ، اس بات کا حق نہیں دے سکتے کہ ان سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ بھی لیتے رہیں، اختلاف رائے اصولوں پر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ڈی ایم اتحاد کو توڑنے کی سازش کراچی میں ہوئی ، تاہم پی ڈی ایم قائم ہے، اور شیڈول کےمطابق اپنے جلسے جاری رکھےگی ، پی ڈی ایم کی قیادت عوام کی بات کرتی ہے، کیوں کہ سیاست دان کا فرض ہوتاہے عام آدمی کا ترجمان بنے، اس حکومت کے خاتمے کے لیے استعفوں کا راستہ پی ڈی ایم کےلائحہ میں شامل ہے، کیوں کہ ملک معاشی لحاظ سے دیوالیہ ہوچکاہے۔

اس موقع پرسابق اسپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا کہ لاہور میں میرے خلاف بینر اور پوسٹر آویزاں کیے گئے، میری بات سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، کسی کوحق نہیں کہ وہ کسی کو غدار کہے ، میرے پاس قومی سلامتی کے بے شمار راز ہیں تاہم کبھی غیر ذمہ دارانہ بات نہیں کی ، انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت کے بارےمیں بات کی تھی ، حکومت نے بھارت کےناکام عزائم کو تقویت دینے کی کوشش کی، ہمیں اس حکومت سے شدید اختلافات ہیں، لیکن ہمارے اختلافات سیاسی ہیں، میرے بیان کو قومی سلامتی کے اداروں سے نتھی کرنا دانشمندی نہیں، کیوں کہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں اور سیاسی اختلافات کے باوجود ہم تمام پاکستانی ایک ہیں، ہماری سیاسی سوچ مختلف ہو سکتی ہے لیکن پاکستانی قوم یکجا ہے، بھارت اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا ، اور ہمیشہ کی طرح ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں