لوٹی ہوئی دولت اورنیا پاکستان، ریکارڈ کی درستگی کیلئے ثبوت پیش خدمت ہیں، شہبازگل

کرپشن کے 25 ارب برآمد کروا کے قومی خزانے میں جمع کروا دیے، جو پوچھتے تھے لوٹی دولت کہاں ہے بدلا ہوا پاکستان کہاں ہے؟ تو ان کے ریکارڈ کی درستگی کیلئے ثبوت پیش خدمت ہیں۔ معاون خصوصی سیاسی روابط کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 24 نومبر 2020 16:02

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 نومبر2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ کرپشن کے 25 ارب برآمد کروا کے قومی خزانے میں جمع کروا دیے، جو پوچھتے تھے لوٹی دولت کہاں ہے بدلا ہوا پاکستان کہاں ہے؟ تو ان کے ریکارڈ کی درستگی کیلئے ثبوت پیش خدمت ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان کا قوم سے کیا وعدہ پورا ہو رہا ہے۔

جو کہتے تھے ایک دھیلہ کرپشن نہیں کی ان کے حواریوں سے لوٹا ہوا 25 ارب روپے برآمد کروا کے قومی خزانے میں جمع کروا دیا گیا! جو پوچھتے تھے کہاں ہے لوٹی ہوئی دولت اور کہاں ہے بدلا ہوا پاکستان ان کے ریکارڈ کی درستگی کیلئے ثبوت پیش خدمت ہیں! یاد رہے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی خاور بخاری نے کہا کہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے کہ قومی خزانے کی لوٹی دولت 25 ارب واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کروا دیے،ملک مکا کرکے قومی دولت لوٹنے والی کمپنیوں کو ہمیشہ کیلئے بلیک لسٹ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

رقم صرف 14ماہ کے اندر ریکور کی گئی ہے، اگر اسمبلی کے اجلاس منسوخ نہ ہوتے تو ریکوری کی رقم 40 ہوسکتی تھی۔ سرکاری افسران بڑے پیمانے پر کرپشن اور کک بیکس میں ملوث نکلے ہیں۔ یہ ریکوری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں بے ضابطگیوں کا آڈٹ کرنے پر سامنے آئی ہیں۔اسی طرح محکمہ اینٹی کرپشن نے بھی سرگودھا اور ڈی جی خان میں قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کاروائیاں کر کے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی ہے۔

اینٹی کرپشن سرگودھا نے چک نمبر 71 سے 16 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 3 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ اینٹی کرپشن نے ڈی جی خان کے علاقے راکھ سبزانی سے 312 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی جس کی مالیت 80لاکھ روپے ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین متعلقہ اداروں کے حوالے کر دی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں