میاں اسلم اقبال سے چین کی اوریل سرامکس کمپنی کے وفد کی ملاقات، بھلوال میں چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت

ہمارا گروپ بھلوال میں سرامکس انڈسٹری میں 70ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے،یوٹیلٹی کنکشن کے حصول میں مشکلات ہیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو چینی کمپنی کو انڈسٹری لگا نے کے حوالے سے درپیش مسائل کے فوری حل کرنے کی ہدایت کر دی

منگل 24 نومبر 2020 21:52

میاں اسلم اقبال سے چین کی اوریل سرامکس کمپنی کے وفد کی ملاقات، بھلوال میں چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے چین کی اوریل سرامکس کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیو فن چا نے ملاقات کی۔ محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران چینی کمپنی کی جانب سے بھلوال میں سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہوئی۔ چینی کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمارا گروپ بھلوال میں سرامکس انڈسٹری میں 70ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے لیکن اسے صنعتی یونٹ لگانے کیلئے بجلی اور گیس کے کنکشن کے حصول اور دیگر مسائل درپیش ہیں۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو چینی کمپنی کو انڈسٹری لگا نے کے حوالے سے درپیش تمام مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرمایہ کاری کے عمل کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ متعلقہ ادارے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دیں۔صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روز گار کے مواقع بڑھانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور انکی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتوں کے بجلی اور گیس کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔چینی کمپنی کے ڈائریکٹر ووجیان بن، سی ای او پیڈمک جاوید الیاس، سی ای او فیڈمک عامر سلیمی، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سہیل احمد اور دیگر ملاقات میں موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں