وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شریف خاندان کی 5 دن پیرول پر رہائی کا فیصلہ کیا،فردوس عاشق اعوان

مائیں سانجھی ہوتی ہیں؛غیر معمولی اور خصوصی فیور ہے ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہوکرانسانی ہمدردی میں دی اپوزیشن ہماری مخالفت میں عوام کو پریشان نہ کری؛ ہم سے لڑنے کی بجائے کورونا سے لڑیں‘ معاون خصوصی

منگل 24 نومبر 2020 23:34

وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شریف خاندان کی 5 دن پیرول پر رہائی کا فیصلہ کیا،فردوس عاشق اعوان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پانچ دن پیرول پر رہائی کا فیصلہ کیا۔یہ ایک غیر معمولی اور خصوصی فیور ہے جو ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہوکرانسانی ہمدردی میں دی۔ اپوزیشن نے میڈیا پر یہ تاثردینے کی کوشش کی کہ حکومت انتقام لے رہی ہے اگر انتقام لینا ہوتا تو انہیں خصوصی فیور دینے کی بجائے رولز کے مطابق صرف 12گھنٹے کا پیرول دیا جاتا۔

اپوزیشن ووٹ کو عزت دے اور گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرے نتائج سے پہلے ہی اپوزیشن نے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا تھا۔ ہم نہیں چاہتے کہ کورونا زدہ اپوزیشن حکومت سے لڑے بلکہ توانا اپوزیشن چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دورہ گوجرہ کے دوران کسان اتحاد رہنما عبدالرئوف تتلہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے اس موقع پر مزید کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر بھی حکومت نے شریف خاندان کو خصوصی رعائت دی اور پانچ دن کا پیرول دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم شمیم اختر کی وفات پر وزیراعظم سمیت تمام حکومتی نمائندوں نے اظہار تعزیت کیا اور حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر آئینی کردار ادا کررہی ہے۔ لیکن افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ن لیگ ترجمان اس حساس اور افسوسناک موقع پر بھی سیاست کر کے اپنا حقیقی چہرہ عیاں کر رہی ہیں۔

انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج عوام کو سستے داموں اشیاء فراہم کرنا ہے اس حوالہ سے انتظامیہ کو ناجائز منافع خوری پر قابو پانے کے لیے سخت احکامات دے دیئے گئے ہیں۔ صوبہ میں بیوروکریسی کو میرٹ پر تعینات کیا جارہا ہے جو افسر عوامی مفاد کو ترجیح نہیں دے گا اسے عہدہ سے ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج سے پہلے ہی اپنی ہار نوشتہ دیوار دیکھ کر اپوزیشن نے دھاندلی کا راگ الاپنا شروع کردیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم،،کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے،،کی پالیسی پر چل رہی ہے ہماری مخالفت میں عوام کو پریشان نہ کیا جائے بلکہ اپوزیشن ہم سے لڑنے کی بجائے کورونا سے لڑے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں