وزیر اعظم دورہ لاہور پر یہ معلوم کرنے آئے کہیں شہباز ،حمزہ کو پیرول پر رہا نہ کردیا جائے ‘مریم اورنگزیب

بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی جمعہ کو لندن سے روانہ کیا جائے گا اورہفتہ کو لاہور پہنچے گا ‘ سیکرٹری اطلاعات(ن) لیگ

بدھ 25 نومبر 2020 16:08

وزیر اعظم دورہ لاہور پر یہ معلوم کرنے آئے کہیں شہباز ،حمزہ کو پیرول پر رہا نہ کردیا جائے ‘مریم اورنگزیب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم دورہ لاہور پر یہ معلوم کرنے آئے کہیں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا نہ کردیا جائے ،محترمہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی جمعہ کو لندن سے روانہ کیا جائے گا جو ہفتہ کو لاہور پہنچے گا ۔جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام میں اندھی حکومت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا نہیں کررہی ،یہ وہ حکومت ہے جس نے ڈھائی سال میں سیاسی انتقام کی تاریخی مثالیں قائم کی ہیں ،شہباز شریف کو اس کیس میں جیل میں رکھا گیا ہے جس میں کرپشن کا کوئی نام و نشان تک نہیں،آپس میں لین دین کے معاملات پر مبنی کیس کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی وفات کو 3 روز گزر گئے لیکن شہباز شریف کو رہا نہیں کیا گیا،قانونی پیچیدگیوں کو جسد خاکی کی واپسی سے منسلک کرنا سفاکیت کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان کسی کی والدہ کی وفات پر سیاست کر رہے ہیں،کرائے کے ترجمان یہ اطلاعات بھیج رہے ہیں کہ پیرول پر چند گھنٹے قبل رہا کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم ہائوس کا کام دہشتگردی اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے،یہاں وزیراعظم (ن)لیگ کے رہنمائوں کی جیل میں سہولیات پر نظر رکھے ہوئے ہیں،عوام کا نالائق اور ووٹ چوروں کے خلاف فیصلہ آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے بچوں پر چوری کا مقدمہ درج کر کے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے،جو فیصلے عمران نیازی کر رہے ہیں وہ ثابت کرتے ہیں کہ آپ کے پاس کوئی اختیار نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں