شریف خاندان اور انکے ترجمان صف مرگ پر بھی سیاسی پوانٹ سکورنگ سے باز نہیں آ رہے ‘ فردوس عاشق اعوان

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے جذبہ خیر سگالی کے تحت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 12گھنٹے کے بجائے 5 دن کا پیرول دیا حکومت شریف خاندان کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے ،جنازہ کے اعلان کے بعد پیرول پر رہائی عمل میں آئے گی‘ معاون خصوصی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2020 21:06

شریف خاندان اور انکے ترجمان صف مرگ پر بھی سیاسی پوانٹ سکورنگ سے باز نہیں آ رہے ‘ فردوس عاشق اعوان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے پونے دو ارب کی لاگت سے لعل شہباز قلندر انڈر پاس بنایا ہے،شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13کروڑ روپے کی بچت کی گئی، دورویہ انڈرپاس 540میٹرطویل اور دونوں طرف سے دودو لینز پر مشتمل ہے جو کہ روزانہ ایک لاکھ گاڑیوں کی آسان گزرگاہ ہے،اس منصوبہ سے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گرانڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی،ماضی میں بے تہاشہ کرپشن، خودنمائی،شوبازی اور مخصوص ٹولے کو نوازنے کیلئے منصوبے بنتے رہے۔

لاہور میں لعل شہباز قلندر انڈرپاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شفاف ٹینڈرنگ سے اس منصوبہ میں 13 کروڑ کی بچت کی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے ہر منصوبہ کے بجٹ میں ایک حصہ ذاتی تشہیر اور شوبازی کیلئے بھی رکھا جاتا تھا۔ صحافی کی جانب سے شہباز شریف کی پیرول سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں معاون خصوصی وزیر اعلی نے کہا کہ شریف خاندان اور انکے ترجمان صف مرگ پر بھی سیاسی پوانٹ سکورنگ سے باز نہیں آ رہے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے جذبہ خیر سگالی کے تحت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 12گھنٹے کے بجائے 5 دن کا پیرول دیا۔ حکومت شریف خاندان کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے جنازہ کے اعلان کے بعد پیرول پر رہائی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سرکاری خرچے پر چارٹر طیاروں میں ہریسہ، سری پائے اور نہاری منگواتے رہے ہیں آج انہوں نے اپنی والدہ کی میت کو کارگو کے ذریعے پاکستان بھیجوایا۔

یہ بات انتہائی تکلیف دہ ہے کہ کھربوں کی جائیداد رکھنے والے خاندان نے میت کے ساتھ آنے کی بجائے اسے پارسل کروا دیا۔ اس قسم کا سلوک اخلاقیات کے خلاف اور ہماری روایات کی توہین ہے۔ ماں تو ہر کسی کو اپنی جان، دولت اور عزت سے پیاری ہوتی ہے، ماں کے ساتھ ایسا سلوک ن۔لیگ کے ورکرز کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ پی ڈی ایم کے جلسوں کے حوالے سے داکٹر فردوس نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن کو صرف اپنا مال اور اپنی اولاد ہی عزیز ہے۔

دوہرے معیار کی انتہا ہے کہ زرداری خاندان میں منگنی کی تقریب میں شرکت کیلئے کورونا ٹیسٹ لازم ہے مگر پی ڈی ایم جلسوں میں غریب ورکرز کو بغیر کورونا ٹیسٹ بلوانے سے ان مفاد پرستوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہر شخص جانتا ہے کہ جلسوں میں کرونا اس او پیز پر عملدرآمد ممکن نہیں۔ عوام اب مزید بیوقوف نہیں بنیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں