نواز،شہباز شریف کی والدہ کی رسم قل انکی رہائشگاہ جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی گئی ،مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ، اجتماعی دعا کی گئی

وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوںاور دیگر شخصیات نے شہباز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی شریف خاندان کے افراد نے میاںمحمد شریف ، بیگم شمیم اختر، بیگم کلثوم اور عباس شریف کی قبروںپر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی

اتوار 29 نومبر 2020 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی والدہ کی رسم قل ان کی رہائشگاہ جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی گئی ، وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوںاور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شہباز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

تفصیلات کے مطابق شریف برادران کی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کی روح کے ایصال ثواب کیلئے جاتی امراء رائے ونڈ میں قران خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں شہباز شریف ، مریم نواز، شہباز شریف ، شریف خاندان کے عزیز و اقارب سمیت پارٹی کے سینئر مرکزی رہنمائوںنے شرکت کی ، اس موقع پر مدرسے کے طلبہ کو بھی بلایا گیا جنہوںنے قران خوانی کی ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعابھی کی گئی ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں آزادکشمیر کابینہ کے اراکین ، معروف عالم دین مولانا طارق جمیل ، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ ، فرید پراچہ ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما شاہ اویس نورانی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی ،جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر ساجد میر ،متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری ،تحریک انصاف کے رہنما آجاسم شریف، محمد زبیر،امیر مقام ، نہال ہاشمی سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوںاور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شہباز شریف ،مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی کی ۔

مسلم لیگ(ن) کے مرکزی و صوبائی رہنما بھی جاتی امراء رائے ونڈ اور ماڈل ٹائون میںموجود رہے اور تعزیت وصول کرتے رہے ۔ شریف خاندان کے افراد نے میاںمحمد شریف ، بیگم شمیم اختر، بیگم کلثوم اور عباس شریف کی قبروںپر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔پولیس کی طرف سے گزشتہ روز بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ پولیس کی گاڑیاں شاہراہوں پر پیٹرولنگ کرتی رہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں