وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر کالونیز و جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کی ملاقات

حکومت نے تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسے کی اجازت دی لیکن اپوزیشن کی ساری جماعتیں چند ہزار لوگ جمع کر سکیں‘عثمان بزدار پی ڈی ایم راہزنوں کا ٹولہ ہے، انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں،ملتان کا شو ناکام رہا جو پی ڈی ایم کیلئے نوشتہ دیوار ہے پی ڈی ایم والے کرپشن زدہ تھالی کے چٹے بٹے ہیں، مایوس لوگوں کا اجتماع بھی مایوس کن رہا‘ فیاض الحسن چوہان

پیر 30 نومبر 2020 23:41

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر کالونیز و جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر کالونیز و جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور محکمانہ کارکردگی پر بات چیت کی گئی۔ فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم راہزنوں کا ٹولہ ہے۔ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد صرف لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے ہے۔ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسے کی اجازت دی لیکن اس کے باوجود اپوزیشن کی ساری جماعتیں چند ہزار لوگ جمع کر سکیں۔

(جاری ہے)

ملتان کا شو بری طرح ناکام رہا اور یہ پی ڈی ایم کیلئے نوشتہ دیوار ہے اور اب انہیں جلسوں سے توبہ کر لینی چاہیئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو تحریک انصاف کی حکومت نے نئی شناخت دی ہے اور تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے علیحدہ سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے لوگو ںکے مسائل مقامی سطح پر حل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے عاقبت نااندیش عناصر پاکستان کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

اپوزیشن سن لے کہ حکومت کھوکھلے نعروں سے جانے والی نہیں، مدت پوری کریں گے۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپوزیشن کورونا پھیلانے کے بجائے صبر سے نئے جنرل الیکشن کا انتظار کرے اور آج ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ ملتان پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور اپوزیشن کو مایوسی ہوئی۔ملتان کے لوگوں نے پی ڈی ایم کو آئینہ دکھا دیا ۔ مایوس لوگوں کا اجتماع بھی مایوس کن رہا۔ ملتان کے گھنٹہ گھر چوک میں پی ڈی ایم کی اوقات سامنے آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے کرپشن زدہ تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ پی ڈی ایم فرسٹریشن کا شکار ہے اور یہ عوام کی خدمت کیلئے نہیں بلکہ پیسہ بنانے کیلئے پھر سے اقتدار چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں