والدہ کی نماز جنازہ میں لوگوں کی کم تعداد پر نواز شریف پارٹی رہنماؤں پر برہم

نواز شریف نے لیگی رہنماؤں کو لاہور کا جلسہ علامہ خادم رضوی کی نما زجنازہ سے بڑا ہونے کی سختی سے ہدایت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 1 دسمبر 2020 11:10

والدہ کی نماز جنازہ میں لوگوں کی کم تعداد پر نواز شریف پارٹی رہنماؤں پر برہم
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2020ء) : تین روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی لیکن سابق وزیراعظم نواز شریف نے والدہ کی نماز جنازہ میں کم افراد کی شرکت پر پارٹی رہنماؤں پر برہمی کا اظہار کیا ہے ، یہی نہیں نواز شریف نے لاہور جلسہ سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو سخت ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

اس حوالے سے سینئیر صحافی رانا عظیم نے بتایا کہ نواز شریف نے لیگی رہنماؤں کو لاہور کا جلسہ علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کی نما زجنازہ سے بڑا ہونے کی سختی سے ہدایت کردی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے والدہ کی نماز جنازہ کے بعد اہم لیگی رہنماؤں سے پوچھا کہ کتنے لوگ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے آ ئے تھے ۔

(جاری ہے)

جس پر انہیں جواب دیا گیا کہ ڈھائی سے تین ہزار لوگ آئے تھے ۔

لیگی رہنماؤں کے جواب پر پارٹی قائد نے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھرتو یہ پارٹی ذمہ داران کی نا اہلی ہے ۔ ایک لیگی رہنما نے نوازشریف سے کہا کہ لاہور میں 3217 صرف ہمارے بلدیاتی نمائندے ہیں، اگر وہ اپنے ساتھ پانچ پانچ لوگ لاتے تو حالات اورہوتے ، اس اہم شخصیت نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب لاہور کے تمام بلدیاتی نمائندوں کو آ پ کی ہدایت پر ٹکٹیں دی گئی تھیں، ہم ان سے کس طرح پوچھ سکتے ہیں ۔

جس پر پارٹی قائد نوازشریف نے لیگی رہنماؤں کو سختی سے ہدایت کی کہ اب لاہور کا جلسہ ہی ہماری اصل تحریک ہو گی۔ اگر لاہور میں لوگوں کی تعداد کم ہو ئی تو ہماری تحریک ناکام ہو جائے گی۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ اگر جلسے میں علامہ خادم رضوی کی نماز جنازہ سے کم لوگ ہوئے تو تمام عہدیداران کو تبدیل کر دیا جائے گا ۔ نوازشریف کی ہدایت اور سخت برہمی کے بعد لیگی رہنما سر جو ڑ کر بیٹھ گئے ہیں کہ کس طریقہ سے جلسہ کو نماز جنازہ سے بڑا کیا جائے ، ان کے حساب کے مطابق اگر تیس تیس ہزار لوگ بھی مختلف شہروں سے بلوائے جاتے تو پھر بھی نماز جنازہ جتنے لوگ اکھٹے نہیں ہو سکتے ۔

نوازشریف کی ہدایت کے حوالے سے کئی لیگی رہنماؤں نے ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں اور صاف کہہ دیا ہے کہ ہم اس چیز کا حصہ نہیں بنیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں