چودھری نثار سے ملاقات پر نواز شریف شہباز شریف پر برہمی کا اظہار کریں گے

بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ میں عام افراد کو کیڑے مکوڑے سمجھ کر ان کے لیے الگ قناعتیں لگائی گئیں۔ صحافی اسد کھرل کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 1 دسمبر 2020 12:05

چودھری نثار سے ملاقات پر نواز شریف شہباز شریف پر برہمی کا اظہار کریں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2020ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کار اسد کھرل نے کہا کہ جہاں تک چودھری نثار علی خان کی ملاقات کی بات ہے اس پر نواز شریف سخت برہمی کا اظہار کریں گے اور آنے والے دنوں میں سب دیکھیں گے۔ کیونکہ میں عینی شاہد ہوں بہت سارے ایسے واقعات کا ، میرے پاس فرسٹ ہینڈ معلومات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اُس وقت جب چودھری نثار علی خان وزیر داخلہ تھے اور استعفیٰ دے کر گھر چلے گئے تھے تو کئی دن وہ آفس بھی نہیں آئے تھے۔

اس وقت مشرف کے حوالے سے کوئی معاملہ تھا نواز شریف نے کوئی کمٹمنٹ کی ہوئی تھی لیکن وہ بیک آؤٹ کر گئے تھے ، شہباز شریف اور چودھری نثار علی خان نے گارںٹی دی ہوئی تھی ، انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف اپنی کمٹمنٹ سے پھر گئے ہیں ، ای سی ایل کا معاملہ تھا جس کے بعد بالآخر نواز شریف نے ای سی ایل سے مشرف نام نکالا اور مشرف باہر گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز جا کر اپنے والد سے پوچھیں کہ مشرف کو فرار کس نے کروایا، مشرف کو راستہ کس نے دیا۔ ای سی ایل سے نام کس نے نکالا۔ اس سب کے بعد شہباز شریف نے نواز شریف سے کہا کہ آپ چودھری نثار سے ملیں تو انہوں نے انکار کر دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں چودھری نثار کو جاتی امرا لانا چاہتا ہوں جس پر نواز شریف نے اُن سے کہا کہ خبردار تم اُس کو یہاں لے کر آئے۔

پھر شہباز شریف نے درمیانی راستہ نکالا اور اپنے گھر بُلایا اور کہا کہ ہماری حکومت کی بدنامی ہو رہی ہے وہ وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دے کر چھٹی پر چلے گئے ہیں۔ جس کے بعد نواز شریف نے چودھری نثار علی خان سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی تھی، پھر بھی چودھری نثار کو جاتی امرا آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اسد کھرل نے کہا کہ چودھری نثار کی جاتی امرا آمد پر اعتراض ضرور کیا جائے گا کہ ایک طرف موومنٹ چل رہی ہیں دوسری جانب چودھری نثار جاتی امرا آ رہے ہیں۔

اسد کھرل نے کہا کہ شہباز شریف چودھری نثار سے نواز شریف کی مرضی کے بغیر مل رہے ہیں۔ اسد کھرل نے انکشاف کیا کہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ میں عام افراد کو کیڑے مکوڑے سمجھ کر ان کے لیے الگ قناعتیں لگائی گئیں، اشرافیہ اور عام آدمی کے مابین رکاوٹ تھی۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں