حکومت کو اینٹ کو جواب پتھرسے دیں گے.مریم اورنگزیب

ملتان میں قانون کو للکارنے والوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا.ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 2 دسمبر 2020 11:24

حکومت کو اینٹ کو جواب پتھرسے دیں گے.مریم اورنگزیب
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 دسمبر ۔2020ء) مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، حکومت کی طرف سے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا. مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی مقامی قیادت کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں جے یو آئی( ف) کے راہنما غفور حیدری بھی شریک ہوں گے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم جلسے سے متعلق مشاورت ہوگی اور لاہور میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا.

(جاری ہے)

ترجمان مسلم لیگ( ن) نے کہا کہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں کامقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی قبل ازیں مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ ناکام بنانے کے لیے راستے بند کر دیے گئے تھے ان کا کہنا تھا کہ جلسہ روکنے کے لیے حکومت غیر قانونی راستے اختیار کر رہی ہے کورونا میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو ہی کیوں جلسے نہ کرنے کا کہا جاتا ہے.

راہنما مسلم لیگ( ن) نے کہا کہ کورونا ہی میں اسدعمر، فردوس عاشق اعوان اور خود وزیر اعظم جلسے کرتے ہیں اور اب یہ سلیکٹڈ ووٹ چور ٹولہ جلسے روکنے کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہا ہے جبکہ پی ڈی ایم کے کسی بھی جلسے میں گملہ تک نہیں ٹوٹا انہوں نے کہا کہ لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں جبکہ ہمارا احتجاج پرامن اور عوامی مفاد کے لیے ہو گا. ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملتان میں جس نے قانون کو للکارا، اس کے خلاف مقدمہ درج ہوا، ہم نہیں چاہتے تھے کہ معصوم شہری اپوزیشن کی خواہشات کی بھینٹ چڑھ جائیں.

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں اطلاع تھی کہ ملتان میں پولیس کے روکنے پر کارکنوں نے ڈنڈے برسانا تھے. انہوں نے کہا کہ حکومت نے فراخدلی اور فہم و فراست سے کام لیا اور آئینی سہولت کاری کی معاون خصوصی نے کہا کہ گوجرانوالہ میں جلسے کی اجازت کیلئے درخواست نہیں آئی ہے، جب درخواست آئے گی اس کے بعد حکومت حکمت عملی سامنے لائے گی، تاہم یہ بات طے ہے کہ عوام کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی.

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاکہنا تھا کہ ایس او پیز کا عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، عدالتی احکامات یقینی بنانے کیلئے اپوزیشن سے پہلے ڈائیلاگ کریں گے انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ کس سے کریں گے، ابھی جلسہ منتظمین سامنے نہیں آئے ہیں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مزدور کے حقوق کا تحفظ بزدار حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں ناصرف مزدورعام شہری بھی مستفید ہوسکیں گے معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ مزدور طبقہ کو حکومت نے صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کافیصلہ کیا ہے.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں