پیسے نہ دینے پر بیٹے نے ماں کی ٹانگ اور دونوں بازو توڑ دیے

بیٹے کے ساتھ کیسے رہوں وہ پھر مارے گا،ماں کا دہائی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات دسمبر 07:03

پیسے نہ دینے پر بیٹے نے ماں کی ٹانگ اور دونوں بازو توڑ دیے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2020ء) دنیا کی وہ واحد عورت جس کے قدموں میں اللہ تعالیٰ نے ساری کائنات تو کیا جنت بھی رکھ دی اور ایسی عظیم ہستی پر کوئی ہاتھ اٹھانے کو تو کیا آنکھ اٹھانے کے خیال سے بھی مر جائے۔ماں وہ عظیم ہستی جس سے متعلق نبی آخرالزاماں حضرت محمدﷺ نے فرمایا تھا کہ اگر میں عشا کی نماز ادا کررہا ہوتااور مجھے میری ماں آواز دیتی تو میں نما ز ادھوری چھوڑ کر ماں کے پاس دوڑا چلا آتا۔

جانے کیسے بدبخت بیٹے ہوتے ہیں جو ماں پر تشدد کر کے آخرت کے ساتھ ساتھ دنیا کو بھی جہنم بنا ڈالتے ہیں۔ماں نے پیسے نہیں دیے تو اس کی ٹانگ توڑ دی،بازو توڑ دیے،بھلا اس سے بڑھ کر بھی کوئی تشدد ہوتا ہے جو اس نے ایک ماں کے ساتھ نہیں کیا ہو گا۔یہ دلخراش واقعہ لاہور کے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں بیٹے نے پیسے نہ دینے پر بیوہ اور ضعیف ماں کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دونوں بازو اور ایک ٹانگ توڑ دی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اسلام پورہ میں ایک شخص عثمان نے آہنی راڈ اور تیز دھار آلے کے وار کر کے اپنی ماں شہناز بی بی کے دونوں بازو اور ٹانگ توڑدی اور سر پر بھی گہرے زخم دیے۔ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے لیکن اس نے ماں پر تشدد کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدہ گرجانے کے باعث زخمی ہوئیں۔ماں کا کہنا ہے کہ ان کا اکلوتا بیٹا ان سے پیسے مانگتا تھا۔

خاتون کا یہ بھی کہنا ہے اب وہ اس کے ساتھ کیسے رہیں گی وہ انہیں پھر مارے گا۔ ماں کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اب اپنے بیٹے کے ساتھ رہنا بھی نہیں چاہتیں۔شہناز بی بی کا شوہر ڈیڑھ سال قبل انتقال کرگیا تھا اور مرحوم کی پینشن کی رقم پر ان کا گزر بسر ہوتا تھا۔اہل محلہ کا بھی یہ کہنا ہے کہ خاتون کا بیٹا اپنی ماں کو اکثر مارتا تھا۔ پڑوسی کا کہنا ہے کہ اس نے کھڑکی سے چڑھ کر دیکھا کہ خاتون صوفے پر بیٹھی تھیں اور ان کے پورے کپڑے خون سے بھرے ہوئے تھے جبکہ صوفے پر بھی خون گرا ہوا تھا۔ عثمان کو آوازیں دی گئی تھیں لیکن اس نے دروازہ نہیں کھولا تھا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments