پی ڈی ایم پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی دشمن ، عقل سے عاری ٹولہ معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے‘عثمان بزدار

منتخب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنا غیر آئینی مطالبہ ، پی ڈی ایم سن لے کہ 2023تک عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے سازشیں کرنے والے ناکام رہیںگے، کورونا وباء کے دوران عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اجتماع کرنا سیاسی حماقت ہے مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں، انسانی جانوں کا تحفظ مقدم ،عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا

جمعرات 3 دسمبر 2020 18:51

پی ڈی ایم پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی دشمن ، عقل سے عاری ٹولہ معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں محنت اوراخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کی دشمن ہے۔ عقل سے عاری یہ ٹولہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوںگے۔

انہوں نے کہا کہ منتخب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنا غیر آئینی اور غیر قانونی مطالبہ ہے۔ پی ڈی ایم سن لے کہ 2023تک عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے اور 2023 میں عام انتخابات میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر تحریک انصاف کو پذیرائی دیں گے۔ سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیںگے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اجتماع کرنا سیاسی حماقت ہے۔

عوام کی بات کرنے والوں کو اپنے منفی رویے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے کیونکہ کوئی ذی شعور موجودہ حالات میں اجتماع کی بات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دوغلے پن کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے کورونا کی پہلی لہر میں سخت لاک ڈائون کا مطالبہ کیا گیا اور اب جبکہ کورونا کی دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جلسے کر رہی ہے۔ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے اور اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ مقدم ہے اور عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں