ملتان کی جلسی کے بعد جاتی عمرہ کی راجکماری اور کنیزوں کی نیندیں حرام ہو چکیں،لاڈلا شہزادہ اب چین کی بانسری بجا رہا ہے‘ فردوس عاشق اعوان

بین الاقوامی منی لانڈر اسحاق ڈار کے منہ سے ڈر کے مارے سچ نکلا، ’’شریف سیاست‘‘ کا پردہ پھر چاک ہوا‘ معاون خصوصی اطلاعات

جمعرات 3 دسمبر 2020 19:03

ملتان کی جلسی کے بعد جاتی عمرہ کی راجکماری اور کنیزوں کی نیندیں حرام ہو چکیں،لاڈلا شہزادہ اب چین کی بانسری بجا رہا ہے‘ فردوس عاشق اعوان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملتان کی جلسی کے بعد جاتی عمرہ کی راج کماری اور کنیزوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ راج کماری اور کنیزیں خود فریبی اور خوف کا شکار ہیں اور لاڈلا شہزادہ بھی اب چین کی بانسری بجا رہا ہے۔ سیاسی تماشا لگانے والے بہت جلد خود تماشا بننے والے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منی لانڈر اسحاق ڈار کا بی بی سی کو دیا گیا انٹرویو جھوٹ اور سچ کی خود گواہی دے رہا ہے۔ اسحاق ڈار کے منہ سے ڈر کے مارے سچ نکلا اور ایک بار پھر ’’شریف سیاست‘‘ کا پردہ چاک ہوا۔ 30 سال تک پاکستان کو بے دردی سے لوٹنے والے کسی صورت راہنما نہیں بلکہ راہزن ہیں۔

(جاری ہے)

22 کروڑ عوام راج کماری اور شہزادے کے خاندانوں کی لوٹ مار کبھی نہیں بھول سکتے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کورونا کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن کورونا پھیلانے سے باز رہے۔ صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا کی727کنفرم کیسز سامنے آئے اور25مریض جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد19,000 ہوچکی ہے اور کورونا سی3,091 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ان حالات میں عوامی اجتماع کا انعقاد عوام سے کھلی دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں بلکہ لوٹی ہوئی دولت بچانے کی فکر ہے۔ پی ڈی ایم کے پورے ٹولے کا اپر چیمبر خالی ہے۔ پی ڈی ایم کے عاقبت نااندیش عناصر ہوش کے ناخن لیں اور عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں