پولیس دفاتر یا تھانوں میں کسی بھی شہری کو انکوائری یا تفتیش کیلئے حکم نامہ طلبی کے بغیر نہ بلایا جائے‘ آئی جی پنجاب

انعام غنی کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ اور مانیٹرنگ پراجیکٹس بارے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس

جمعہ 4 دسمبر 2020 18:35

پولیس دفاتر یا تھانوں میں کسی بھی شہری کو انکوائری یا تفتیش کیلئے حکم نامہ طلبی کے بغیر نہ بلایا جائے‘ آئی جی پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس دفاتر یا تھانوں میں شہریوں کو انکوائری یا تفتیش کیلئے حکم نامہ طلبی کے بغیر ہرگز نہ بلایا جائے جبکہ تھانوں یا دفاتر میں شہریوں کی طلبی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے جنوری 2021تک سافٹ وئیر تیار کیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ فون پر تھانے یا دفتر بلانے کی صورت میں تفتیشی افسررجسٹر 5/Aمیں طلبی کا اندراج ضرور کرے راولپنڈی، میانوالی اور ڈی جی خان اضلاع کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشیئٹو پولیس سٹیشن بنانے کے بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع کے سی پی او اور ڈی پی او ایک ہفتے میں قابل عمل ڈویلپمنٹ پلان بنا کر انہیں بھجوائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں افسران و اہلکاروں کی ڈیجیٹل حاضری کیلئے بھی جنوری2021تک سافٹ وئیر تیارکرکے لانچ کیا جائے جس کے تحت تمام تھانوں اور پولیس دفاتر میں الیکٹرانک حاضری کا نظام فعال اورتمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، ایس پیز، سرکل افسراور ایس ایچ او کے دفاتر میں حاضری ڈیش بورڈ سسٹم میں موجود ہوجس پر روانہ کی بنیاد پر حاضر، غیر حاضر، میڈیکل لیو، بیرون ملک چھٹی اور سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات نفری کی تعدادنظر آنی چاہئیے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ عیسٰی خیل، میانوالی میں شہریوں کی سہولت کیلئے خدمت مرکزکے ساتھ ہی نیا لائسنسنگ سنٹر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو لائسنس کے حصول کیلئے کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ فورس کو ملنے والی نئی گاڑیوں میں موبائل وائر لیس سیٹ، بار لائٹس،اینڈرائیڈ ٹیبلٹ کی سہولت موجود ہونی چاہئیے جبکہ اینڈرائیڈ ٹیبلٹ کو اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سسٹم، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، پکار 15الرٹ کے ساتھ انٹی گریٹ ضرور کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوان افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔دوران اجلاس ڈویلپمنٹ اور مانیٹرنگ پراجیکٹس زیر بحث آئے ۔دوران اجلاس آر پی او راولپنڈی ، آر پی او ڈی جی خان اورآر پی او سرگودھا سمیت دیگر افسران نے آئی جی پنجاب کوسروس ڈلیوری اور جنرل پولیسنگ میں بہتری بارے شروع کئے گئے مختلف پراجیکٹس کی تکمیل اور نتائج بارے آگاہ کیا جس پر آئی جی پنجاب نے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ عوامی شکایات کے بر وقت ازالے کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پولیس خدمت مراکز اور سپیشل انیشی ئیٹو پولیس اسٹیشنز کی موثر مانیٹرنگ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے اور ان دفاتر میں موصول ہر درخواست کوجاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیاجائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے پولیس خدمت مراکز سمیت دیگر سروس ڈلیوری پراجیکٹس کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں اور سینئر افسران شہریوں سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں ان پراجیکٹس کی افادیت میں مزیداضافے کیلئے عملی اقدامات بھی کریں ۔ اجلاس میں ا یڈ یشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ڈی آئی جی آئی اے بی عمران محمود،ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) محمد فیصل رانااور اے آئی جی فنانس ڈاکٹر شہزاد آصف جبکہ ویڈیو لنک پر آر پی او راولپنڈی، آرپی او سرگودھا، سی پی او راولپنڈی، ڈی پی او میانوالی اور ڈی پی او ڈی جی خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں