مینار پاکستان کا گرائونڈ بھرے گا ،عمران خان سن لیں آپ کو نہیں چھوڑیں گے ‘ رانا ثنا اللہ

آپکو جیل بھیجیں گے اور ایک چیز کے علاوہ اے سی سمیت تمام سہولتیں دیں گے،نواز شریف کی بات ہمارے لئے حکم کا درجہ رکھتی ہے

ہفتہ 5 دسمبر 2020 14:11

مینار پاکستان کا گرائونڈ بھرے گا ،عمران خان سن لیں آپ کو نہیں چھوڑیں گے ‘ رانا ثنا اللہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پورے ملک سے لوگ لاہور کے جلسے میں شریک ہوں گے اور مینار پاکستان بھرے گا ،عمران نیازی کو نہیں چھوڑیں گے ،نواز شریف نے پی ڈی ایم کو یقین دلایا ہے جب متفقہ فیصلہ ہو گا تو(ن) لیگ استعفے پیش کر دے گی۔ منشیات کیس میں عدالت میں پیش کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اے این ایف والے : منشیات فروشوں کوطلب کرکے ڈراتے رہے اور میرے خلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہ ہوئی، پھر ان کی منتیں ترلے بھی کئے گئے ، جن لوگوں کو میرے خلاف بیان دینے کے لئے بلایا گیا انہوںنے میرے حق میں بیان دیا ۔

میں نے آمدن کا باقاعدہ ٹیکس دیا ،کہتے تھے میری آسٹریلیا میں دو ارب کی جائیداد ہے پھر 14 کروڑ پر آ گئے ،وہ کہاںگئی، آج تک میری کوئی خفیہ جائیداد سامنے نہیں لائے ،ایک کیس میں منشیات سے اثاثے بنانے اور دوسرے مقدمے میں کرپشن کے ذریعے بنانے کا الزام عائد کیا لیکن انہیں کچھ نہیں ملا۔

(جاری ہے)

میرے تمام اکائونٹس منجمد ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کل فیصل آباد میں ورکرز کنونشن ہوا ہے، تھانہ ملت ٹاون اور تھانہ کوتوالی میں 2 مقدمات درج کئے گئے ہیں، اندازوں پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان کا گرائونڈ 13 دسمبر کو بھرے گا ،عمران خان سن لیں اب ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے ،آپ کو جیل بھیجیں گے اور ایک چیز کے علاوہ اے سی سمیت تمام سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قائد نواز شریف کی بات ہمارے لئے حکم کا درجہ رکھتی ہے،انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں اجتماعی استعفوں کی تجویز دی تھی کہ اے پی ڈی ایم فیصلہ کرے تو مسلم لیگ (ن)استعفے دینے کو تیار ہے، نواز شریف بہت بہتر انداز میں لندن سے قیادت کر رہے ہیں ،ہم تو کہتے ہیں کہ وہ اپنا علاج بھی مکمل کروائیں اور ان کا بھی علاج مکمل کریں ۔

انہوںنے کہا کہ سیف الملوک کھوکھر کیخلاف مضحکہ خیز مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس مقدمے کی کاپی بھی نہیں دی جا رہی۔ا نہوںنے کہا کہ اب جو مرضی کریں لیکن کل آپ کو اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا ہم آپ کو کورونا کے پیچھے نہیں چھپنے نہیں دینگے ،گوجرانوالہ اور ملتان میں جلسہ ہونا تھا تو کورونا آ رہا تھا لیکن جلسے کے بعد کورونا وہاں نہیں گیا ،بنی گالہ میں چھپنے والے کورونا کو نکال کر اس کا علاج کریں گے ۔ا نہوںنے کہا کہ ریلیوں، استعفوں سمیت کسی معاملے پر بھی مسلم لیگ (ن)میں کوئی اختلاف نہیں ،پوری پارٹی نواز شریف کی قیادت میں مکمل متحد ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں