لاہور جلسہ پی ڈی ایم کے ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا‘ فیاض الحسن چوہان

پی ڈی ایم’’کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا، بھان متی کا کنبہ جوڑا‘‘کی عملی تصویر ہے‘ صوبائی وزیر جیل خانہ و کالونیز

ہفتہ 5 دسمبر 2020 19:40

لاہور جلسہ پی ڈی ایم کے ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا‘ فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ لاہور جلسہ نام نہاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پی ڈی ایم کو اب تک چاروں صوبوں سے ہزیمت کے سوا کچھ نہیں ملا ویسے ہی زندہ دلان لاہور سے بھی مکس اچار پارٹی کو سوائے خجالت کے کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 2018 الیکشن سے پہلے ہی مینار پاکستان جلسے میں لاہور کی عوام نے عمران خان کو اپنا وزیراعظم چن لیا تھا۔ پنجاب کا دل لاہور غیر متحدہ اپوزیشن کے ملک دشمن بیانیے، منی لانڈرنگ، کرپشن اور خاندانی سیاست کے ساتھ کبھی نہیں دھڑک سکتا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے مختلف شہروں کی طرح لاہور میں بھی پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ کا پھیکا چورن نہیں بکنے والا۔ فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم "کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا، بھان متی کا کنبہ جوڑا" کی عملی تصویر ہے۔ کرپشن کے ان عظیم کرداروں کو چاہیے احتساب کا سامنا خشوع و خضوع سے اور باجماعت کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں