صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس

لاہور شہر کی خوبصورتی بڑھانے، پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے اہم فیصلے

جمعہ 15 جنوری 2021 23:09

صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت یہاں اہم اجلاس ہوا۔جس میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور شہر کی خوبصورتی بڑھانے، پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔

میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہروں کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کیلئے حکومت وسائل فراہم کرے گی اورشہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے ۔ترقیاتی اداروں کو ٹائم لائن کے اندر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، اسے خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

شہر کی سڑکوں بالخصوص داخلی راستوں کوبہتر بنایا جائے گا ۔صوبائی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی اہم چوراہوں پرٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کے لئے ان کی ری ماڈلنگ کی جائے اوراہم شاہراہوں کو اعلی معیار کی لائٹس، پھولوں اور پودوں سے خوبصورت بنایا جائے گا ۔شہر کی سڑکوں کوبہتر اور خوبصورت بنانے کا پروگرام مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں مال روڈ کوپائلٹ پراجیکٹ کے طور پر بہتر بنایا جائے گا ۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ غیر ضروری پارکنگ کے اڈوں اور اشتہارات کی بھرمار نے شہر کی خوبصورتی کو متاثر کیا ہے ۔ میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی کہ غیر ضروری پارکنگ اڈوں اور غیر ضروری اشتہارات کے سدباب کے لئے اقدامات کیے جائیں۔انڈر پاسز کی بحالی اور انہیں دیدہ زیب بنانے کے لئے بھی پلان بنایا جائے ۔متعلقہ ترقیاتی اداروں کو شہر کوخوبصورت بنانے کے اہداف دے دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اداروں کو اہداف مقررہ مدت کے اندر حاصل کرنا ہونگے۔کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایچ اے،ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں