محض 5ڈالر جیب میں ڈال کر ملنے کیوں آئے؟

گرل فرینڈ نے لڑکے کے فلیٹ کو آگ لگا دی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 16 جنوری 2021 05:51

محض 5ڈالر جیب میں ڈال کر ملنے کیوں آئے؟
لاس ویگاس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2021ء) بہت سنا تھا کہ محبت اندھی ہوتی ہے،مگر آجکل تو محبت کی 12آنکھیں ہوتی ہیں بھئی۔ایک آنکھ سے گاڑی،دوسری سے گھر،تیسری سے بینک بیلنس اور پھرہینڈسم ہونا بھی معنی رکھتا ہے۔کچھ لوگوں کی محبت میں لڑکے کے والدین کا نہ ہونا بھی اضافی نمبر رکھتا ہے کہ چلو اکیلا ہے عیاشی کریں گے۔جیسے آج کل کھانے پینے کی اشیا فارمی یا برائلر ٹائپ ہو گئی ہیں ویسے آج کی محبت بھی برائلر ہی ہے کہ نہ تو اس میں کوئی ٹیسٹ آتا ہے اور نہ پائیداری،وہی بات ”لائی بے قدرں نال یاری تے ٹٹ گئی تڑک کر کے“۔

یہ لاس ویگاس کا واقعہ ہے کہ جہاں ایک لڑکا اپنی گرل فرینڈ کو ملنے کے لیے گیا۔دونوں گپ شپ کرتے ہوئے ریسٹورنٹ پر پہنچ گئے اور جب کھانے کا آرڈر ہونے لگا تو لڑکی کو معلوم ہوا کہ لڑکے کی جیب میں محض پانچ ڈالر ہیں لہٰذا وہ اچھا کھانا نہیں کھا سکتے۔

(جاری ہے)

اس پر محبت میں آگ لگ گئی اور لڑکی سیخ پا ہو کر اٹھ کر چلی گئی۔مجنوں بیچارہ اپنی” ڈیٹ“ ادھوری چھوڑ کر جب 2.5میل کا سفر پیدل طے کر کے گھر پہنچا تو اس کی ہیر بھی اس کے گھر پہنچ گئی۔

ابھی کنگلا عاشق گھر کے اندر داخل ہوا ہی تھا کہ اسے باہر کھڑکی اور دروازے پر جھپاکے کی آواز سنائی دی جس کے ساتھ ہی آگ بھڑک اٹھی۔آگ ایک دم سے اتنی بھڑک گئی کہ سامنے کا دروازہ اور اندر پڑا قالین جل گیا۔لڑکی نے ایک ہتھوڑے سے گھر کی کھڑکیاں بھی توڑ ڈالیں اور خوب اول فول بکا۔تاہم گھر کے اندر موجود نوجوان اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گیا۔

جبکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقعہ پر پہنچ گئی اور ناکام ہیر کو کنگلی محبت میں دھوکہ ملنے پر گرفتار کر لیااور محترمہ اب قتل کرنے کی کوشش میں حوالات بند کر دی گئی ہیں۔لہٰذا یہ طے ہوا کہ اگر اپنی کسی دوست سے ملنے جانا ہے تو جیب میں ایکسٹرا پیسے ڈال کر جانا ہے تاکہ کسی قسم کی بدمزگی سے بچا جا سکے اور اس کے آفٹر شاکس سے خاص طور پر بچت ہو جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں